ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )واقعہ یہ ہے کہ جب بھی عورت خوابِ غفلت سے بیدار ہوئی ہے، اس سے اجتماعی اور انفرادی طور پر انقلاب پیدا ہوا ہے، اجتماعی انقلاب کی روشن مثال آپ نے ملاحظہ فرمائی، اب انفرادی انقلاب کی مثال بھی سن لیجیے!
حضرت حمید الدین ابو حاکم قریشی رحمہ اللہ ایک نیک دل بادشاہ گزرے ہیں، مکران وغیرہ پر حکومت کیا کرتے تھے۔ "ذکرِ کرام” میں ان کے واقعات کے ذیل میں لکھا ہے کہ شیخ حمید الدین کے ساتھ ایک چھوٹا سا واقعہ پیش آیا، جس نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا اور ان کو سلطان سے شیخ بنا دیا۔ شیخ حمید الدین اپنے دورِ حکومت میں دوپہر کو ایک باغ کے محل میں آرام کیا کرتے تھے، اس محل کی نگرانی اور بادشاہ کے آرام کا نظام "زینت” نامی ایک خادمہ کے سپرد تھا۔ بیان کیا جاتا ہے کہ ایک روز حمید الدین کے آنے سے پہلے خادمہ نے بستر بچھایا تو اسے خواہش ہوئی کہ اس پر میں بھی آرام کا مزہ لوں، وہ اس پر کچھ دیر کے لیے لیٹ گئی اور نیند کی وادی میں کھو گئی۔ بادشاہ نے محل میں آ کر خادمہ کو دیکھا کہ شاہی بستر پر پڑی سو رہی ہے تو غصہ آیا، حکم دیا کہ اس گستاخی پر خادمہ کو سو کوڑوں کی سزا دی جائے۔ حکم کی تعمیل میں جب خادمہ کو کوڑے مارے گئے تو حمید الدین کو یہ دیکھ کر تعجب ہوا کہ سزا ملنے پر خادمہ آہ اور واویلا کرنے کے بجائے معنی خیز انداز میں ہنس رہی ہے۔ جب اس سے بے موقع ہنسنے کی وجہ پوچھی گئی تو خادمہ نے نہایت سنجیدگی کے ساتھ جواب دیا کہ "حضور! اس سزا ملنے سے مجھے خیال آیا کہ جب اس نرم و نازک شاہی بستر پر ایک بلا ارادہ آ جانے والی نیند کی یہ سزا ہے، تو پھر ان لوگوں کا انجام کیا ہو گا جو روزانہ اس پر غفلت کے ساتھ آرام کرتے ہیں۔” خادمہ کے اس کایا پلٹنے والے جملہ نے انہیں خوابِ غفلت سے بیدار کر دیا، اور ان کی زندگی میں ایک نیا انقلاب پیدا کر دیا، یہاں تک کہ شاہی زندگی ترک کر کے درویشوں والی زندگی اختیار کر لی۔ آپ نے ۱۶۷ سال کی عمر پائی، اللہ کے بے شمار بندے اور بندیاں ان کے ہاتھ پر ایمان لائے۔