Daily Roshni News

’درخواست پر الیکشن میں تاخیر کا جواز نہیں تھا‘، پی ٹی آئی آر اوز سے متعلق اپنے مطالبے پر قائم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین گوہر خان نے انتظامیہ سے ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی تعیناتی نہ کرنے کے مطالبے پر قائم رہتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست کی بنیاد پر الیکشن میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں، شہباز شریف الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ہم انتخابات کیلئے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی کے نئے چیئرمین گوہر خان نے الیکشن کمیشن سے لیول پلیئنگ فیلڈ کا بھی مطالبہ کیا۔

پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جلسے نہیں کرنے دیے جا رہے، کسی مہم میں شامل نہیں ہونے دیا جارہا۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ توشہ خانہ میں نااہلی کیس کا فیصلہ جلد ہو تاکہ بانی پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ لے سکیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ( ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا اور الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سینیئر ججز سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کوکالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی اور کہا گیا کہ سپریم کورٹ 8 فروری کوانتخابات کرانے کے فیصلے پرعمل درآمد کرائے۔

Loading