اسلام آباد(25 نومبر 2026): وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے پارٹی کی صدارت میں تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر ردعمل دیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے پارٹی کی صدارت میں تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف پہلے سے زیادہ صحت مند ہیں اور ان کی موجودگی میں مریم نواز پارٹی صدارت کا سوچ بھی نہیں سکتیں۔
ایک بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں ن لیگ کی صدارت کا معاملہ کہاں سے آ گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مریم نواز کے گروپ میں کوئی ایسی بات کرے تو وہ خود اسے کان پکڑ کر باہر نکال دیں گی، جبکہ اگر نواز شریف خود بھی پارٹی صدارت بدلنا چاہیں تو انہیں ایسا کرنے نہیں دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ محسن نقوی کا عزت کے ساتھ ذکر کیا ہے، تاہم انہیں منہ دکھانے اور چھپانے والی بات کا گلہ ضرور تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے انہیں محسن نقوی کے خلاف بات کرنے سے منع کیا ہے، اس لیے وہ وزیراعظم کے حکم پر اپنی باتیں نہیں دہرائیں گے۔ ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے کہا کہ ریفرنڈم اتفاق رائے سے ہوگا اور یہ ایک یا دو ماہ میں بھی ہو سکتا ہے، جبکہ نئے صوبوں کے معاملے پر جو آگ لگی ہے حکومت اسے بجھانا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے اپنے پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ ن لیگ کے اندر موجود "مریم نواز گروپ” نواز شریف کی صحت کے پیش نظر ان کی جگہ مریم نواز کو پارٹی صدر بنانے کے لیے سرگرم ہے تاکہ وہ آئندہ عام انتخابات میں وزیراعظم کی امیدوار بن کر سامنے آ سکیں۔
محمد مالک کے مطابق پارٹی کے اندر اس تجویز پر شدید اختلافات ہیں اور نواز شریف کے قریبی حلقے اس کی مخالفت کر رہے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں اس اقدام سے پارٹی میں طاقت کی سمت بدل جائے گی۔
تجزیہ کار کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسی ایک کوشش سات آٹھ ماہ قبل بھی روکی گئی تھی، جبکہ ن لیگ کے اندرونی حلقوں میں یہ بحث بھی جاری ہے کہ مریم نواز کے صدر بننے کی صورت میں وفاق مضبوط ہونے کے باعث نئے صوبوں پر اعتراض نہیں کیا جائے گا اور 2029 میں ان کی جگہ پنجاب میں متبادل قیادت پر بھی غور ہو رہا ہے۔