پاکستانی اور چینی خلابازوں کا مشترکہ مشن دونوں ممالک کی گہری دوستی کا عملی مظہر قرار

صدر مملکت آصف علی زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان پاکستانی اور چینی خلابازوں کے مشترکہ مشن سے متعلق خطوط کا تبادلہ ہوا ہے۔ دونوں صدرور کے مابین خلائی تعاون میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔

چینی صدرشی جن پنگ نے کہا کہ پاکستانی اور چینی خلابازوں کا مشترکہ مشن دونوں ممالک کی گہری دوستی کا عملی مظہر ہے، چین پاکستان اور دیگر ممالک کیساتھ خلا کے پُرامن استعمال کیلئے کام کرے گا، پاکستان سمیت دیگرممالک کیساتھ خلائی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کوتاریخی کامیابی پر فخر ہے، پائیدار پاک چین دوستی کا ثبوت ہے، پاکستانی خلاباز چین کے خلائی اسٹیشن پہنچنے والا پہلا غیرملکی خلاباز بن گیا، یہ اقدام مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی تعمیر کرنے کے وژن کی عملی تصویر ہے۔

آصف علی زرداری نے چین کے خلائی پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیرملکی شراکت دار منتخب کرنے پر اظہار تشکر کیا، کہا کہ مشن سے خلائی سائنس، تحقیق، تکنیکی جدت اورصلاحیت سازی میں تعاون کو نئی تحریک ملے گی۔

ان کا مزید کنا تھا کہ یہ کامیابی نئی نسلوں کوسائنسی تحقیق اور تکنیکی ترقی میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی ترغیب دےگی، پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ پر یہ سنگ میل اور بھی زیادہ اہمیت اختیار کرگیا۔