Daily Roshni News

ایران میں پھنسے پاکستانی خصوصی پرواز میں اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئے

ایران میں پھنسے پاکستانی خصوصی پرواز میں ترکمانستان کے دارالحکومت  اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئے۔

ایران اسرائیل جنگ کی وجہ سے ایران میں پھنسے پاکستانی زائرین میں سے 150  پی آئی اے کی خصوصی پرواز میں اسلام آباد پہنچے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستانی وزارتِ خارجہ کی درخواست پر قومی ائیر لائن نے ایک ائیر بس طیارہ فوری طور پر پشاور سے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد بھیجا تھا۔

ایرانی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے زائرین کو ایران سے سڑک کے ذریعے دارالحکومت اشک آباد لایا گیا جہاں پی آئی اے کا طیارہ پہلے سے موجود تھا۔

قومی ائیر کی پرواز پی کے 9552 میں رات گئے 150 سے زائد زائرین اسلام آباد پہنچے،  پاکستانی سفارتی عملے کے اہل خانہ کو بھی اس پرواز میں اسلام آباد لایا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مشہد سے 150 پاکستانیوں نے بارڈر کراس کر کے اشک آباد پہنچنا تھا مگر پرواز کی روانگی تک 107 پاکستانی ائیرپورٹ پہنچ سکے جنہیں اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے مسافروں نے تہران میں پاکستانی سفارت خانے اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا ہے۔

Loading