PHD professor
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ایک پروفیسر صاحب کے بارے میں مشہور تھا کہ ان سے جب کوئی سوال پوچھا جاتا تو وہ اس وقت تک چین سے نہ بیٹھتے ، جب تک کہ پوری تفصیل اور تسلی سے جواب نہ دے دیں۔ایک مرتبہ میں اور پروفیسر صاحب ایک لائبریری میں بیٹھے تھے کہ میرے ذہن میں ایک سوال آیا ، جو میں نے غلطی سے پروفیسر صاحب سے پوچھ لیا. میں نے دریافت کیا کہ
حضرت یہ بتائیے کہ بلبل مذکر ہے یا مؤنث؟
میرا سوال سن کر پروفیسر نے کتاب بند کی، ایک لمحے کو کچھ سوچا ، پھر مسکرا کر گویا ہوئے،
” میاں! بلبل مذکر ہے۔”
اس واقعے کے کچھ روز بعد ایک شام میرے دروازے پر دستک ہوئی دروازہ کھولا تو دیکھا کہ پروفیسر صاحب موصوف کھڑے ہیں. میں نے پوچھا کہ پروفیسر صاحب خیریت تو ہے ، آپ میرے غریب خانے پر اس وقت؟
پروفیسر صاحب کہنے لگے ، ” میاں اس روز آپ نے پوچھا تھا کہ بلبل مذکر ہے یا مؤنث ؟ اور میں نے جواب دیا تھا کہ بلبل مذکر ہے، لیکن آج ہی مرزا غالب کا ایک مصرع نظر سے گزرا
بلبلیں سن کر مرے نالے غزل خواں ہو گئیں
غالب کا شمار چونکہ اہل_ زبان اور مستند شعراء میں ہوتا ہے ، لہذا اس مصرع کی رو سے بلبل مؤنث ہے. میں سٹپٹایا اورپروفیسر صاحب کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے بعد چند روز ہی گزرے ہوں گے پرفیسر پھر گھر آ پہنچے فرمانے لگے ، “میاں ، کچھ روز قبل میں نے آپ کو بتایا تھا کہ غالب کے مصرع کی رو سے بلبل مؤنث ہے، لیکن آج صبح جب میں کلیات_ اقبال کا مطالعہ کر رہا تھا تو ایک شعر نظر سے گزرا
ٹہنی پہ کسی شجر کی تنہا
بلبل تھا کوئی اداس بیٹھا
علامہ اقبال چونکہ شاعر_ مشرق ہیں. ان سے زیادہ مستند کس کی رائے ہو سکتی ہے ، لہذا اس شعر کی روشنی میں آپ اب بلبل کو مذکر ہی سمجھیے.
اس واقع کو بھی ابھی ایک ہفتہ ہی گزرا ہو گا کہ پروفیسر صاحب پھر دروازے پر آ کھڑے ہوٸے ان سے چند فٹ کے فاصلے پر ایک عدد گدھا بھی کھڑا تھا جس پر بہت سی کتابیں لدی ہوئی تھیں. اس روز پروفیسر صاحب کے چہرے پر ایک فاتحانہ مسکراہٹ تھی. میں نے حیرت سے دریافت کیا ، ” پروفیسر صاحب یہ کیا معاملہ ہے؟
وہ اسی فاتحانہ مسکراہٹ کے ساتھ کچھ یوں گویا ہوئے، ” میاں ، آپ کے سوال پر میں نے بہت تحقیق کی ہے اور بہت سی کتابوں سے استفادہ کیا. اس گدھے کے دائیں جانب جو کتابیں لدی ہیں ، ان کے مطابق بلبل مذکر ہے جبکہ بائیں جانب والی کتابوں کی رو سے بلبل مؤنث ہے، اب فیصلہ آپ خود کر لیجیئے کہ آپ کس رائے سے اتفاق کریں گے. مجھے اجازت دیجئے، ایک ضروری کام یاد آ گیا ہے.
منقول