Daily Roshni News

ایلون مسک کی کمپنی پہلے انسان کے دماغ میں کمپیوٹر چپ نصب کرنے میں کامیاب

ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک نے پہلی بار انسانی دماغ میں کمپیوٹر چپ نصب کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

 ایلون مسک نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 28 جنوری کو نیورالنک نے پہلے انسان کے دماغ میں چپ نصب کی۔

ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ جس فرد کے دماغ میں چپ کو نصب کیا گیا، وہ صحتیاب ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے کمپنی کو گزشتہ سال انسانوں کے دماغ میں کمپیوٹر چپ نصب کرنے کے کلینیکل ٹرائل کی اجازت دی تھی۔

ایلون مسک کے مطابق اولین ٹرائل کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں جس دوران نیورونز کی سرگرمیوں میں اضافے کو دیکھا گیا۔

امریکا نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق نیورونز کی سرگرمیوں میں اضافے کا مطلب یہ ہے کہ خلیات برقی اور کیمیائی سگنلز کو دماغ اور جسم میں تفصیلات بھیجنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

ایلون مسک کے مطابق نورالنک کی پہلی ڈیوائس کو ٹیلی پیتھی کا نام دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس چپ کی مدد سے لوگ اپنے خیالات کے ذریعے لگ بھگ ہر ڈیوائس کو استعمال کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں یہ چپ ہاتھوں پیروں کو استعمال کرنے سے معذور افراد کے دماغ میں نصب کیا جائے گا۔

نیورالنک کی جانب سے ٹرائل میں دیکھا جائے گا کہ وائرلیس کمپیوٹر چپ انسانوں کے لیے کس حد تک محفوظ ہے۔

ٹرائل کے دوران چپ کی افادیت کا تجزیہ بھی کیا جائے گا۔

اس کمپنی کی جانب سے اس چپ پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ چپ سے معذور افراد پھر حرکت اور بات کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔

اس سے قبل نیورالنک نے آخری بار 2021 میں اس ڈیوائس کے بارے میں پیشرفت جاری کی تھی جب ایک بندر میں اسے نصب کیا گیا جو اپنے خیالات سے ایک کمپیوٹر گیم کھیلنے کے قابل ہوگیا تھا۔

ستمبر 2023 میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ بہت جلد انسانی دماغ میں کمپیوٹر چپ کرنے کے لیے پہلا کلینیکل ٹرائل شروع کیا جائے گا۔

نیورالنک نے اس وقت بتایا تھا کہ لینیکل ٹرائل کے لیے ایسے افراد کی خدمات حاصل کی جائیں گی جو ریڑھ کی ہڈی کی انجری یا Amyotrophic Lateral Sclerosis (اے ایل ایس) کے باعث معذور ہو چکے ہیں۔

ان افراد کے دماغ میں سرجری کے ذریعے اس حصے میں چپ نصب کی جائے گی جو جسمانی حرکت کو کنٹرول کرتا ہے، جس سے وہ محض خیالات سے کمپیوٹر کرسر یا کی بورڈ کنٹرول کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

ابھی جس فرد کے دماغ میں چپ کو نصب کیا گیا ہے، اس کے بارے میں تفصیلات کمپنی کی جانب سے جاری نہیں کی گئی ہیں۔

Loading