پاکستان جرنلسٹس کلب یونان کا اہم اجلاس، دسمبر 2026 میں نئی کابینہ کے انتخابات کرانے پر اتفاق

پاکستان جرنلسٹس کلب یونان کا اہم اجلاس، دسمبر 2026 میں نئی کابینہ کے انتخابات کرانے پر اتفاق

ایتھنز یونان :(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔چوہدری انصر اقبال بسراء)پاکستان جرنلسٹس کلب رجسٹرڈ یونان کا اہم اجلاس ڈاکٹر تنویر ساقی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں کلب کے تنظیمی امور، نئے ممبران کی شمولیت، قانونی تقاضوں اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس کی نظامت مرزا رفاقت حسین نے کی، جبکہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت غلام خالق چیمہ نے حاصل کی۔ مرزا نعیم اسلم نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسول مقبول پیش کی۔

اجلاس میں نئے ممبران کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے یونان کے مروجہ قوانین کے مطابق کلب کے قانونی ریکارڈ میں ان کے اندراج، متعلقہ دستاویزات کی تکمیل اور باقاعدہ ممبرشپ کارڈز کے اجرا کے امور زیرِ غور آئے۔

شرکاء نے دسمبر 2026 میں کلب کے نئے عہدیداران کے انتخاب کے لیے جمہوری طریقۂ کار کے تحت انتخابات منعقد کرانے اور نئی کابینہ تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر تنظیمی شفافیت، باہمی مشاورت، اتفاقِ رائے اور کلب کی فعالیت بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان جرنلسٹس کلب یونان کو مزید مستحکم اور فعال بنانے، صحافیوں کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ، باہمی یکجہتی اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔