آسٹریا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔ محمد عامر صدیق ) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں اقوامِ متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیری عوام بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں آسٹریا میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی، مقامی آسٹرین شہری، سیاسی شخصیات، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں، خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔
شرکا نے مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر میں جاری مبینہ مظالم اور تشدد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کشمیری حکومتوں بھارت اور پاکستان کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ۔ کہ کشمیری عوام کو ازادی دی جائے اور مذاکرات سے اس مسئلے کا حل کیا جائے۔ ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے، تمام گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے۔
مظاہرے کے اختتام پر اقوامِ متحدہ کے دفتر میں ایک یادداشت میمورنڈم بھی جمع کرائی گئی۔ یادداشت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ اور حل طلب تنازع ہے، جسے بھارت اور پاکستان خود اقوامِ متحدہ میں لے کر آئے تھے۔ شرکا نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے، امن برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرے، اور کشمیر کی موجودہ صورتحال پر توجہ دے۔مظاہرین نے اپنے خطابات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق اور انصاف کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
![]()








