اسرائیل کا حماس کے سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے پر قاتلانہ حملہ ناکام

حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فجر کے وقت ایک حملہ کیا جس میں عزالدین الحیہ اور ان کا خاندان محفوظ رہا، حملے میں خلیل الحیہ کی بہو سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

باسم نعیم کے مطابق 1997 میں پیدا ہونے والے عزالدین الحیہ، خلیل الحیہ کے زندہ بچ جانے والے آخری بیٹے ہیں، ان کے چار دیگر بیٹے اسرائیلی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں، حملے میں خلیل الحیہ کے ایک شہید بیٹے کا خاندان بھی محفوظ رہا۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا، تنظیم نے اس حملے کو اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے خلیل الحیہ کو دی گئی دھمکیوں سے جوڑا ہے۔

حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ میں 2025 کے جنگ بندی معاہدے کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے، اسرائیل اپنے مسلسل حملوں کے نتائج کا مکمل ذمہ دار ہوگا۔

باسم نعیم نے مزید بتایا کہ عزالدین الحیہ، ہمام خلیل الحیہ کے جڑواں بھائی ہیں، جو 2025 میں قطر میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے، خلیل الحیہ خود بھی قطر میں ہونے والے اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔