مشرق وسطیٰ میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے سے ملکی معیشت متاثر ہونے کا خدشہ، آؤٹ لک رپورٹ جاری

مشرق وسطیٰ کی کشیدگی اور موسمیاتی تبدیلیاں ملکی معیشت کے لیے خطرہ بن گئیں

وزارت خزانہ نےماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی،جس میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے سے ملکی معیشت متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کےمطابق موسمیاتی تبدیلیاں زرعی شعبے کو نقصان پہنچا سکتی ہیں،جبکہ عالمی مالیاتی حالات سخت ہونے سے پاکستان کے لیے مالی وسائل کا حصول بھی مشکل ہوسکتا ہے۔

وزارت خزانہ نے نومبر 2026 میں مہنگائی کی شرح 9 سے 10 فیصد رہنےکا تخمینہ لگایا ہے، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی مزید کم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، رپورٹ میں کہاگیا ہےکہ مالی سال 2027 کے باقی عرصے میں معاشی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔

رپورٹ کےمطابق ترسیلات زر اور برآمدات میں بہتری سے بیرونی ادائیگیوں کی صورتحال مستحکم ہوسکتی ہے،جبکہ صنعتی اور زرعی شعبوں میں بھی بہتری کی امید ہے۔ گنے کے کرشنگ سیزن سے صنعتی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی اور نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں بہتری سے سرمایہ کاری بڑھنے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ کےمطابق برآمدی شعبے کو اضافی مالی سہولتیں دینے اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے لیے سہولت مراکز قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے،رپورٹ میں ٹیکس وصولیوں کے نظام میں بہتری اور توانائی کی بچت کو پائیدار معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔