اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، عبدالعلیم خان
پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے 5 اگست کے یوم استحصال کشمیر کو تاریخ کا سیاہ باب قرار دیا ہے۔ کہا بھارتی آئینی ڈکیتی کا مقصد وادی کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا تھا۔ کشمیری اور پاکستانی قوم اس سیاہ باب کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایکس پر خصوصی پیغام میں کہا 2019 میں بھارت نے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی لیکن کشمیریوں کو انہی کی سرزمین پر اقلیت میں بدلنے کی بھارتی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ ظلم کی رات کتنی ہی لمبی کیوں نہ ہو، بالآخر حق اور سچ کی فتح یقینی ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا یوم استحصال کشمیر کی جڑیں اکتوبر 1947 کے اس متنازع “الحاق” سے ملتی ہیں جس نے حق خودارادیت چھینا۔ دہائیوں کے مظالم، سخت لاک ڈاؤنز اور جغرافیائی تبدیلیوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت قائم ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ کشمیری بہن بھائی اس جدوجہد میں تنہا نہیں، پاکستان کی غیور قوم اور ریاست ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حق ملنے تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پوری قوت سے جاری رہے گی۔
![]()

