بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی سالگرہ کے 150 ویں سال کے حوالے سے سفارتخانہ پاکستان انقرہ اور قونصل خانہ استنبول کی جانب سے پر وقار تقریب اور تصویری نمائش کا انعقاد
استنبول، ترکیے (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔نمائندہ خصوصی ۔۔۔سید رضوان حیدر بخاری ) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح (رح) کی سالگرہ کے 150ویں سال کے سلسلے میں استنبول میں سفارتخانہ پاکستان انقرہ اور قونصل خانہ استنبول کی جانب سے ایک پروقار تقریب اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں قائدِاعظم کی زندگی اور تحریکِ پاکستان کے اہم ادوار کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی گورنر استنبول تھے، دیگر مہمانوں میں سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید، قونصل جنرل خواجہ خرم نعیم اور ڈاکٹر وقار بادشاہ شامل تھے۔۔
اس خصوصی تقریب کا مقصد نہ صرف شرکاء کا قائدِاعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا بلکہ پاکستان کی تاریخ اور نظریۂ قیام کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا بھی تھا۔
تقریب میں سفارتی حکام، ترک و پاکستانی کمیونٹی کے افراد، طلباء، اساتذہ اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ قائدِاعظم کی بصیرت، اصول پسندی اور قیادت آج بھی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے لیے ایک مثال ہے۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اس قسم کی تقاریب پاکستان اور ترکیے کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تاریخی شخصیات کو یاد رکھنا اور نئی نسل تک ان کی جدوجہد کو منتقل کرنا نہایت ضروری ہے۔
تصویری نمائش میں قائدِاعظم محمد علی جناح کی زندگی کے ہر دور کی نایاب اور خوبصورت تصاویر کو پیش کیا گیا، جن میں قائدِاعظم کے ابتدائی دورِ حیات، بطور وکیل ان کے کیریئر، برصغیر کی سیاست میں ان کے ابھار، اور تحریکِ پاکستان کے دوران ان کی قیادت کو تفصیل سے دکھایا گیا۔ اس کے علاوہ کئی نایاب تصاویر ایسی بھی شامل تھیں جو عام طور پر عوام کی نظر سے اوجھل رہتی ہیں، جن میں اہم سیاسی اجلاس، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور قیامِ پاکستان کے تاریخی لمحات شامل تھے۔
منتظمین کے مطابق اس نمائش کا ایک اہم مقصد نوجوان نسل کو پاکستان کے قیام کے پس منظر اور قائدِاعظم کی جدوجہد سے روشناس کرانا تھا، تاکہ وہ اپنی تاریخ کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں اور اس سے رہنمائی حاصل کریں۔
نمائش میں ترک اور دیگر ممالک کے شرکاء نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور پیش کی گئی تصاویر کو سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ نمائش نہ صرف معلوماتی ہے بلکہ ایک جذباتی اور تاریخی تجربہ بھی فراہم کرتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید نے قائدِاعظم کے حوالے سے مرتب کی گئی خصوصی کتاب بھی مہمانوں کو پیش کی۔
منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی ثقافتی اور تاریخی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کو عالمی سطح پر مزید متعارف کروایا جا سکے
![]()






























