بہو ساس سسر کا مسئلہ ۔۔۔تحریر۔۔۔ غلام نبی کشافی

تعمیر فکر

              بہو ساس سسر کا مسئلہ

غلام نبی کشافی

آنچار صورہ سرینگر

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔  بہو ساس سسر کا مسئلہ ۔۔۔تحریر۔۔۔ غلام نبی کشافی)تمہیدی کلمات/  ساس سسر کی خدمت کیا بہو پر شرعاً لازم ہے؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا تعلق محض شرعی احکام سے نہیں، بلکہ خاندانی تعلقات، اخلاقی ذمہ داریوں اور باہمی تعاون سے بھی ہے۔ میں نے اس تحریر میں قرآن و حدیث کی روشنی میں شرعی فریضے اور اخلاقی ذمہ داری کے درمیان فرق واضح کرنے کی کوشش کی ہے۔ میری رائے میں کسی نیکی کو شرعاً فرض نہ ہونے کی بنا پر بے اہمیت سمجھنا درست نہیں، اسی طرح رضاکارانہ خدمت کو کسی پر زبردستی مسلط کرنا بھی مناسب نہیں۔ ایک صالح خاندان کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے حالات اور مجبوریوں کو سمجھیں، بزرگوں کے ساتھ حسنِ سلوک کریں اور باہمی تعاون سے گھر کے مسائل حل کریں۔

                            ________________________

کافی عرصہ پہلے ایک نوجوان نے ان الفاظ میں ایک سوال کیا تھا :

” کیا ایک بہو پر سُسر اور ساس کی خدمت کرنا شرعاً لازمی ہے. رہنمائی فرمائیں”

         ارشاد احمد کمہار / کنڈی کپواڑہ

      اسلام نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، ان کا احترام اور ان کی خدمت کرنے کی بہت تاکید کی ہے ۔ جیساکہ ارشاد خداوندی ہے:

وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا ۚ إِمَّا يَبْلُغَنَّ عِندَكَ الْكِبَرَ أَحَدُهُمَا أَوْ كِلَاهُمَا فَلَا تَقُل لَّهُمَا أُفٍّ وَلَا تَنْهَرْهُمَا وَقُل لَّهُمَا قَوْلًا كَرِيمًا۔ وَاخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ وَقُل رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا۔

                     ( بنی اسرائیل : 23-24)

اور تمہارے رب نے فیصلہ کر دیا ہے کہ تم اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرو۔ اگر تمہارے پاس ان میں سے کوئی ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو انہیں اُف تک نہ کہو، نہ انہیں جھڑکو، بلکہ ان سے عزت و احترام کے ساتھ بات کرو ۔ اور محبت و شفقت کے ساتھ ان کے سامنے عاجزی کا بازو جھکائے رکھو اور دعا کرو: اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما، جس طرح انہوں نے بچپن میں مجھے پالا تھا۔

    ان آیات میں میں والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کا حکم دیا گیا ہے۔ یہاں والدین سے مراد آدمی کے اپنے والدین ہیں، نہ کہ شوہر کے والدین۔ لہٰذا جس طرح شوہر پر اپنی بیوی کے والدین کی خدمت کو شرعی فریضہ قرار نہیں دیا جا سکتا، اسی طرح بیوی پر بھی شوہر کے والدین کی خدمت کو لازمی شرعی فریضہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    لیکن بہرحال جو بہو شادی سے پہلے اپنے والدین کی خدمت کرتی تھی ، اگر وہ اپنے شوہر کے والدین کا بھی خیال رکھے ، جیسے شوہر دن میں محنت مزدوری، دکانداری یا ملازمت کرتا ہے تو ان کے پیچھے ان کے گھر کی دیکھ بھال عموماً بیوی ہی کرتی ہے تو اگر شوہر کے والدین بزرگ ہوں تو از راہ نیکی ان پر اخلاقی طور پر ان کا بھی خیال رکھنا چاہئے ، تاکہ گھر میں خوشگوار اور پیار و محبت کی فضا قائم رہے ۔۔ چنانچہ اس سلسلہ میں ایک اہم ان الفاظ میں حدیث آئی ہے ۔

عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنَ عُمَرَ يَقُولُ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ كُلُّكُمْ رَاعٍ وَكُلُّكُمْ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ الْإِمَامُ رَاعٍ وَمَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ وَالرَّجُلُ رَاعٍ فِي أَهْلِهِ وَهُوَ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ وَالْمَرْأَةُ رَاعِيَةٌ فِي بَيْتِ زَوْجِهَا وَمَسْئُولَةٌ عَنْ رَعِيَّتِهَا وَالْخَادِمُ رَاعٍ فِي مَالِ سَيِّدِهِ وَمَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ ۔۔۔۔ وَالرَّجُلُ رَاعٍ فِي مَالِ أَبِيهِ وَمَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ وَكُلُّكُمْ رَاعٍ وَمَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ۔

( صحيح البخاري: كِتَابُ الجُمُعَةِ (بَابُ الجُمُعَةِ فِي القُرَى وَالمُدُنِ : رقم الحدیث893/ صحيح مسلم: كِتَابُ الْإِمَارَةِ (بَابُ فَضِيلَةِ الْإِمَامِ الْعَادِلِ، وَعُقُوبَةِ الْجَائِرِ، وَالْحَثِّ عَلَى الرِّفْقِ بِالرَّعِيَّةِ، وَالنَّهْيِ عَنْ إِدْخَالِ الْمَشَقَّةِ عَلَيْهِمْ : رقم الحدیث1829)

سیدنا عبداللہ بن عمر بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: تم میں سے ہر ایک نگران ہے اور اس سے اپنی رعیت کے متعلق باز پرس ہو گی۔ مرد اپنے گھر کا نگران ہے اور اس سے اپنے اہل خانہ کے متعلق سوال ہو گا۔ عورت اپنے شوہر کے گھر کی نگران ہے اور اس سے اس کی رعیت کے متعلق پوچھا جائے گا۔ خادم اپنے آقا کے مال کا نگران ہے اور اس سے اس کی رعیت کے متعلق پوچھا جائے گا۔۔۔۔ اور آدمی اپنے باپ کے مال کا نگران ہے اور اس سے اس کے متعلق باز پرس ہو گی، تم میں سے ہر شخص نگران ہے اور ہر ایک سے اس کی رعایا کے متعلق سوال ہو گا۔

      اس حدیث میں ایک یہ جملہ نہایت غور طلب ہے ۔

وَالْمَرْأَةُ رَاعِيَةٌ فِي بَيْتِ زَوْجِهَا وَمَسْئُولَةٌ عَنْ رَعِيَّتِهَا

عورت اپنے شوہر کے گھر کی نگران ہے اور اس سے اس کی رعیت کے متعلق پوچھا جائے گا۔

    حدیث کے اس فقرے میں عورت کی ذمہ داریوں میں بنیادی طور پر بچوں کی نگہداشت اور گھر کی نگرانی شامل ہے۔ اگر شوہر کے بوڑھے والدین بھی اس کے ساتھ رہتے ہوں اور بڑھاپے یا معذوری کے باعث زیادہ چلنے پھرنے سے قاصر ہوں، تو ان کی دیکھ بھال اور ضروریات کا خیال رکھنا بھی حسنِ سلوک اور انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے۔ اور اس حدیث کے حکم کے تحت ہے ۔

  اس کی ایک عملی صورت یہ ہے کہ اگر بیوی اس معاملے میں اپنے شوہر کے ساتھ تعاون نہ کرے تو والدین کی دیکھ بھال کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ شوہر اپنے بوڑھے والدین کو بے سہارا نہیں چھوڑ سکتا۔ اگر ان کی دیکھ بھال کے لیے ملازم رکھا جائے تو اس کے اپنے مسائل ہیں، اور اگر کسی عورت کو اس مقصد کے لیے ملازم رکھا جائے تو اس کے ساتھ بھی بعض عملی اور گھریلو مسائل وابستہ ہو سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ بعض خاندانوں کے لیے ملازم کی تنخواہ برداشت کرنا بھی ممکن نہیں ہوتا۔ ایسی صورت میں گھر گرہستی چلانے کے لیے میاں بیوی کو باہمی تعاون، افہام و تفہیم اور حالات کے مطابق سمجھوتے سے کام لینا پڑتا ہے۔

     اگر ایک نیک بیوی اپنے شوہر کے بوڑھے والدین کی خدمت اور دیکھ بھال میں تعاون کرتی ہے تو اس کا یہ عمل آخرت میں ضائع نہیں ہوگا، بلکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں اجر و ثواب کا باعث بن سکتا ہے۔ اس کے ساتھ اسے ساس سسر کی دعائیں بھی مل سکتی ہیں اور اس کے حسنِ سلوک سے شوہر کے دل میں اس کے لیے محبت اور قدر و منزلت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس طرح گھر کا ماحول خوش گوار اور پُرسکون بن سکتا ہے، جس کے مثبت اثرات بچوں کی تربیت پر بھی پڑیں گے۔

     ایسی صورت حال میں ہر عملی مسئلے کو صرف اس زاویے سے دیکھنا کافی نہیں ہوتا کہ کوئی کام شرعاً فرض ہے یا نہیں۔ بعض اوقات قانون فطرت ، عقلِ سلیم، انسانی ہمدردی اور خاندانی ذمہ داریوں کے شعور سے بھی کام لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہر وہ نیکی جو شرعاً فرض نہ ہو ، ضروری نہیں کہ وہ بے اہمیت بھی ہو ، رضاکارانہ خدمت ، ایثار اور باہمی تعاون بھی ایک صالح معاشرہ اور خوشحال خاندان کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

آخر میں، میں یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ ساس سسر کی خدمت کو بہو پر شرعاً فرض قرار نہ دینے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ان کی دیکھ بھال سے بے اعتنائی برتی جائے۔ اگر وہ بوڑھے، بیمار یا معذوری کے باعث دوسروں کے محتاج ہوں تو ان کی ضروریات کا خیال رکھنا انسانی ہمدردی، حسنِ سلوک اور خاندانی تعاون کا تقاضا ہے۔ اسی طرح شوہر کو بھی یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ خدمت کے نام پر اپنی بیوی کی مجبوریوں اور استطاعت کو نظر انداز کرے۔ بہتر طرزِ عمل یہی ہے کہ شوہر اپنے والدین کی دیکھ بھال کی ذمہ داری محسوس کرے اور بیوی اپنی خوشی، استطاعت اور حالات کے مطابق اس کا ساتھ دے۔ ایسی خدمت جو محبت، خلوص اور رضامندی سے کی جائے، وہ محض ایک خاندانی ذمہ داری نہیں رہتی، بلکہ نیکی اور اجر و ثواب کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ ہمیں ایسے معاشرے کی تشکیل کی کوشش کرنی چاہیے جہاں بزرگوں کو بے سہارا نہ چھوڑا جائے، بہوؤں پر غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے اور رشتوں کو جبر کے بجائے محبت، احترام اور باہمی تعاون سے مضبوط بنایا جائے۔

                            و ما علینا الا البلاغ

                               ___________________________