ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ دعا ۔۔۔۔ تحریر ۔۔۔ عائشہ ملک بنت یعقوب)میں نے کہا تھا کہ دعا کے بارے میں ایک بات بتاؤں گی تو وہ بتارہی ہوں۔ میں نے سورہ طہ کو تلاوت کرتے وقت ایک آیت پڑھی اور میں اس پر رک گئی، پھر اسے دوبارہ پڑھا تو دل بہت زیادہ شکر گزار ہوا۔
جب حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم نے ان کے اللہ تعالیٰ کے پاس پیغام لینے جانے کے بعد بچھڑے کے بت کو معبود بنا لیا تھا اُس وقت اُنہیں جب اللہ تعالیٰ نے ان کی قوم کی یہ حالت بتائی کہ آپ کے یہاں آنے کے بعد آپ کی قوم یہ کر رہی ہے تو وہ غصے سے واپس آئے اور انہوں نے اپنی قوم کو ڈانٹا جو اس ڈانٹ میں
ترجمہ "کیا پس وہ نہیں دیکھتے کہ وہ انہیں کسی بات کا جواب نہیں دیتا، اور ان کے نقصان اور نفع کا بھی اسے اختیار نہیں۔”طہ 89
آپ نے فرمایا کہ جو تم اس بت کو پکار رہے ہو کیا یہ تمہاری کسی بات کا جواب دیتا ہے؟
تو اس کا مطلب کہ ہم جب بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ہر بار ہماری پکار کا، دعا کا جواب دیتے ہیں۔ یہ کتنا خوبصورت ہے۔ ذرا تصور کیجیے۔
وہ جہانوں کا رب ، وہ ہماری دعاؤں کا جواب دیتا ہے۔ یہ اتنا بڑی بات ہے کہ ہم اگر دل رکھتے ہوں تو اس پر ہم بس سوچتے ہی رہ جائیں۔ بہت سارے لمحے اس پر ہم خوشی بھری حیرت میں مبتلا رہیں، اگر ہم دل والے ہوں تو۔۔۔ آپ کی ایک بھی دعا ضائع نہیں گئی، اس کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ ہر دعا اپنے بہترین وقت پر بہترین انداز میں قبول ہوتی ہے۔
زندگی میں مشکلات اصل میں مشکلات نہیں ہوتی، ایک طرف اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہماری حفاظت کی جارہی ہوتی ہے اور دوسری طرف ہمارا امتحان ہو رہا ہوتا ہے، کہ ہم کتنے سچے ایمان والے ہیں۔ ہم کتنا رب پر بھروسہ کرتے ہیں۔
تعلق کتنا سچا ہے یہ تو مشکل میں ہی پتہ چلتا ہے نا۔ اللہ تعالیٰ اپنے کسی ماننے والوں کو تو کیا، نہ ماننے والے کو بھی اکیلا نہیں چھوڑتے۔ بس بات یہ ہے کہ اگر کوئی چیز ابھی نہیں مل رہی تو صبر کریں۔ خالی صبر نہیں یقین والا ، امید والا صبر ۔ –
دعائیں تو بہت ساری کیا کریں، ہر دعا کا بدل ہے۔ اللہ کیسے کیسے سنتا۔ اللہ کیسے کیسے سنتا ہے ایک سچا واقعہ اسی دور کا بتاتی ہوں، پچھلے ہفتے کی بات ہے۔ ایک آدمی ان لوگوں کے گھر بنانے میں مدد کر رہے ہیں جن کے گھر سیلاب میں گر چکے ہیں۔
وہ ایک دوسرے گاؤں کام سے جارہے تھے تو راستے میں انہوں نے دیکھا کہ کوئی گھر گرا ہوا ہے ، وہ معلوم کر کے وہاں گئے تو وہاں ایک بزرگ میاں ، بیوی اور ایک اور بزرگ خاتون تھیں۔
انہوں نے خود مسجد کے لیے زمین دی ہوئی تھی، لیکن اس وقت بڑھاپے میں وہ خود ضرورت مند ہوئے، سیلاب کی وجہ سے ان کا اپنا گھر گر چکا تھا تو پھر کیا ہوا؟
انہوں نے اللہ تعالی کے گھر کے لیے کام کی تھی تو اللہ نے ان کے گھر کے لیے دوسری جگہ سے اسی انسان کو خود ان کے گھر بھیج دیا کہ جاؤ، کیا معلوم تھا، کہ وہ وہاں سے گزریں گے اور وہ وہاں جائیں گے۔ لیکن مالک تو اللہ ہے نا جس نے کبھی اکیلا چھوڑا ہی نہیں کسی ایک کو بھی۔ سبحان اللہ
ان بزرگ خاتون نے بتایا کہ "ہمیں پتہ چلا تھا کہ ساتھ والے گاؤں میں کوئی لوگوں کے گھر بنارہا ہے تو ہم اتنے دن سے دعا کر رہے تھے کہ اللہ تعالیٰ کسی طرح اس کو یہاں بھیج دے، وہ ہمارا گھر بھی بنادے "
پھر اس آدمی نے جواب دیا ” میں وہی آدمی ہوں، جسے اللہ تعالیٰ نے آپ دعائیں سن کر گھسیٹ کر یہاں تک لے آیا ہے "
ان کا واقعہ جان کر میرا اللہ تعالیٰ پر یقین تازہ ہو گیا۔ مجھے اس شخص کا واقعہ بھی یاد آگیا جس کی آرزو کی وجہ سے امام احمد بن حنبل کی اللہ تعالی نے اس سے ملاقات کروا دی تھی۔ بس اللہ تعالیٰ پر ہمیشہ تو کل رکھا کیجیے۔
مجھے یہی کہنا تھا۔ ہر ایک کو اللہ تعالیٰ بہترین وقت پر نوازتا ہے اور اگر ابھی تک آپ کی مرضی سے کچھ نہیں ملا تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ابھی اس چیز کا بہترین وقت ہے ہی نہیں۔ آپ اپنے ایمان کے راستے پر ہنسی خوشی چلتے رہیے۔