دی ہیگ، معروف شخصیت شبیر احمد بٹ مرحوم کی برسی منعقد کی گئی،
مقررین جاوید عظیمی، میاں عاصم ، ساجد ایوب (برطانیہ) قیصر چیمہ ،
مولانا سرفراز نو شاہی اور راجہ فاروق کے خطابات اور دعائیہ کلمات ۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ رپورٹ ۔۔۔ خصوصی مندوب ۔۔۔ عکاسی ۔۔۔چاند ملک) دی ہیگ کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت شبیر احمد بٹ مرحوم کی پہلی برسی کی پر وقار تقریب بروز ہفتہ 3 اکتوبر 2026 پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی بیگ کی خوبصورت جامع مسجد میں منعقد کی گئی ۔ کمیونٹی کی بھر پور شرکت مذکورہ تقریب کا آغاز رب کائنات کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے محمد شفیق چیمہ نے کیا ۔ بارگاہ رسالت مآب ﷺمیں نعتوں کی صورت میں محبتوں عقیدتوں کے پھول چوہدری قمر حسین ، میاں مظفر حسین اور مجتبےٰخادم حسین بٹ نے پیش کئے ۔ ہالینڈ سے 27 برس قبل برطانیہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے والے معروف سماجی رہنما ساجد ایوب نے شبیر بٹ مرحوم کے ساتھ گزرےہوئے دنوں میں پرانی یادوں کا تذکرہ کیا اور مغفرت کے لئے دعائیہ کلمات ادا کئے۔ متحرک سماجی کا روباری شخصیت اور مذکورہ پاکستانی مرکز کے صدر میاں عاصم محمود نے کہا مرحوم انتہائی شریف النفس اور مخلص انسان تھے ۔ سینئر صحافی راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ جلسہ، جلوس یا احتجاجی مظاہرہ مرحوم ہر پروگرام میں کمیونٹی کی آواز بنتے تھے ۔ روشنی نیوز کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی نے مولانا جلال الدین رومی ؒکا قول زریں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ازل سے ابد تک انسان یعنی روح کا سفر جاری ہے۔ اس سفر کے دوران دنیا آگئی ہے۔جو انسان کے سفر کی رہگزر ہے یہاں کسی کا بھی مستقل ” قیام نہیں بلکہ عارضی قیام ہے۔ انھوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہم سب انتظار گاہ میں اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں ۔ جاوید عظیمی نے اُن تقریبات کا تذکرہ کیا جس میں مرحوم نے بھر پور علمی فکری تعاون کیا۔ مولانا سرفراز نوشاہی ( روٹرڈیم ) نے برسی کی مناسبت اور ایصال ثواب کو پیش نظر رکھتے ہوئے عارفانہ کلام پیش کر کے انسانی موت اور زیست کے مرحلوں کو خوبصورت پیرائے میں بیان کر کے انسان کی اصلیت اور حقیقت کو واضح کیا ۔
تقریب کے منتظم قیصر چیمہ نے پاکستانی کمیونٹی کا شرکت کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔ اور مرحوم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔ درود و سلام کے بعد اجتماعی دعا میں پوری محفل میں کی گئی قرآن خوانی اور دیگر نیک اعمال کا ثواب : شبیر احمد بٹ مرحوم کی روح کو ایصال کیا گیا۔ بعد ازاں پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی خدمت میں لنگر پیش کیا گیا۔
![]()























