سفیان خان نے انجری کے بعد پریکٹس دوبارہ شروع کر دی
پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔رپورٹ۔۔۔ طاہرلطیف) پاکستان ہاکی ٹیم کے ڈریگ فلک اسپیشلسٹ سفیان محمد خان نے انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ بیلجئیم اور انگلینڈ پرو لیگ سیزن کے کیمپ کے دوران سفیان خان گھٹنے کی انجری کی وجہ سے آخری لمحوں میں ٹیم سے ڈراپ ہوگئے تھے ۔
13 مارچ 2004 کو خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پیدا ہونے والے قومی ٹیم کے اہم دفاعی کھلاڑی اور پینلٹی کارنر اسپیشلسٹ سفیان خان گزشتہ چند برسوں کے دوران اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی ہاکی میں بھی نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں۔
انھوں نے ہاکی کی ابتدائی تربیت سابق قومی کھلاڑی احسان اللہ کی نگرانی میں حاصل کی، جبکہ بعد ازاں لاہور کی ڈار ہاکی اکیڈمی میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارا۔ انہوں نے 2022 سے 2023 تک پاکستان نیوی کی نمائندگی کی، جس کے بعد 2023 میں ماری پٹرولیم کی ٹیم میں شامل ہوگئے۔
سفیان خان نے پاکستان کی انڈر 21 ٹیم کی جانب سے سلطان جوہر کپ، جونیئر ایشیا کپ اور جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 2023 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد انہیں سینئر قومی ٹیم میں جگہ ملی۔
انہوں نے 2022 میں سلطان اذلان شاہ کپ کے دوران پاکستان کی سینئر ٹیم کے لیے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی قومی ٹیم کے اہم ڈریگ فلک اسپیشلسٹ کے طور پر اپنی شناخت قائم کر لی۔
ایشین چیمپئنز ٹرافی 2023 میں انہوں نے پانچ، ایشین گیمز 2023 میں تین، جبکہ ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 میں چھ گول اسکور کرتے ہوئے پاکستان کو کانسی کا تمغہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سلطان اذلان شاہ کپ 2024 میں ملائیشیا کے خلاف اپنی پہلی بین الاقوامی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی، جبکہ اسی سال بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن نے انہیں رائزنگ اسٹار آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا۔
ہاکی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سفیان محمد خان نے کہا، “الحمدللہ اب میری طبیعت بہتر ہے، سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ میں نے گزشتہ روز سے دوبارہ کھیل کا آغاز کر دیا ہے اور اب آہستہ آہستہ مکمل تیاری کی جانب بڑھ رہا ہوں۔”
انہوں نے بتایا کہ انجری سے بحالی کے دوران انہوں نے اپنے ٹرینر کی نگرانی میں باقاعدگی سے جم ٹریننگ کی، جبکہ فزیوتھراپی کا عمل بھی جاری رکھا تاکہ جلد از جلد مکمل فٹنس حاصل کی جا سکے۔
سفیان خان نے مزید بتایا کہ اب انہوں نے گراؤنڈ میں بھی پریکٹس شروع کر دی ہے اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کے قریب موجود گرین آسٹروٹرف پر ٹریننگ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بحالی کے دوران انہوں نے جسمانی فٹنس پر خصوصی توجہ دی تاکہ مکمل ردھم کے ساتھ میدان میں واپسی ممکن ہو سکے۔
قومی ڈریگ فلک اسپیشلسٹ نے امید ظاہر کی کہ مسلسل محنت اور باقاعدہ ٹریننگ کے ذریعے وہ جلد مکمل فٹنس حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تمام تر توجہ پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے اور آنے والے بین الاقوامی مقابلوں میں قومی ٹیم کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر مرکوز ہے۔
![]()

