سفیرِ پاکستان عامر آفتاب قریشی کا منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان ہیڈ آفس اور مرکزی اسلامک سنٹر کا دورہ
ایتھنز :یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء )یونان میں تعینات سفیرِ پاکستان *عامر آفتاب قریشی* نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے *بلال اسلم* کے ہمراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے ہیڈ آفس اور مرکزی اسلامک سنٹر کا خصوصی دورہ کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے صدر *ارسلان خرم چیمہ* نے اعلیٰ سطحی وفد کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ تنظیمی عہدیداران اور ذمہ داران نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
دورے کے دوران سفیرِ پاکستان عامر آفتاب قریشی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے بلال اسلم نے *منہاج اسلامک سنٹر، منہاج لائبریری اور دیگر شعبہ جات* کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی جانب سے یونان میں جاری دینی، علمی، تعلیمی، تربیتی، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان *عامر آفتاب قریشی* نے یونان میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے علمی و دینی مراکز کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کے درمیان دینی و اخلاقی تربیت، علمی شعور، مثبت معاشرتی کردار اور باہمی اتحاد کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیاں قابلِ تحسین ہیں۔
سفیرِ پاکستان نے *شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری* کی عالمی سطح پر دینی، علمی، تحقیقی اور تصنیفی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بالخصوص اسلام کے پُرامن اور اعتدال پسند پیغام، بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و فکری کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔
وفد کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مختلف شعبہ جات اور لائبریری کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جہاں مختلف موضوعات پر کتب اور علمی مواد موجود ہے۔ معزز مہمانوں نے ادارے کی علمی سرگرمیوں اور دینی خدمات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے صدر *ارسلان خرم چیمہ* نے سفیرِ پاکستان اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان پاکستانی کمیونٹی کی دینی، اخلاقی، علمی اور سماجی رہنمائی کے ساتھ ساتھ معاشرے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس موقع پر *بانی و امیر تحریک منہاج القرآن یونان غلام مرتضیٰ قادری، علامہ حافظ محمد نواز ہزراوی، چوہدری شہزاد یوسف، سجاد حسین قادری* سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے دیگر ذمہ داران اور احباب بھی موجود تھے۔
دورے کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی جانب سے سفیرِ پاکستان عامر آفتاب قریشی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے بلال اسلم کی آمد پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ یونان میں پاکستانی کمیونٹی کی دینی، علمی، سماجی اور فلاحی خدمت کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
![]()









