” سونے کا ٹکڑا  "

” سونے کا ٹکڑا  "

ہمارے سیارے سے بھی پرانا ہے۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )زمین پر موجود سونے کا ہر ذرہ ہماری زمین سے بھی زیادہ قدیم ہے- ہماری زمین تقریباً 4.54 ارب سال پہلے وجود میں آئی لیکن اس میں پایا جانے والا سونا اس سے بھی پہلے کائنات میں ہونے والے انتہائی قدیم واقعات کے دوران تشکیل پایا تھا یعنی اس وقت جب ہمارا نظامِ شمسی بھی وجود میں نہیں آیا تھا- سونا ایک بھاری کیمیائی عنصر ہے، جسے عام ستاروں کے اندر ہونے والے جوہری عمل (Nuclear Fusion) سے پیدا نہیں کیا جا سکتا- سائنس دانوں کے مطابق، کائنات میں موجود زیادہ تر سونا تیز رفتار نیوٹران جذب کرنے کے عمل (Rapid Neutron-Capture Process یا R-process) کے ذریعے بنتا ہے- اس کے لیے ایسے انتہائی ماحول کی ضرورت ہوتی ہے، جہاں نیوٹران کی بہت زیادہ مقدار موجود ہو- اس عمل کا ایک تصدیق شدہ مقام نیوٹران ستاروں کا آپس میں ٹکرانا ہے۔ جب دو نیوٹران ستارے آپس میں ضم ہوتے ہیں تو وہاں پیدا ہونے والے انتہائی شدید حالات میں سونے سمیت کئی بھاری عناصر تشکیل پاتے ہیں اور خلا میں پھیل جاتے ہیں- اربوں سال پہلے بننے والا یہی مادہ بعد میں گیس اور گردوغبار کے اس بادل کا حصہ بنا، جس سے ہمارا سورج، سیارے، شہابیے اور بالآخر زمین وجود میں آئے- اس کا مطلب ہے کہ آج ہمارے زیورات میں موجود سونا دراصل ایسے مادے سے بنا ہے، جو زمین کی پیدائش سے بھی پہلے کائنات میں موجود تھا- کائنات میں مادے کی یہ قدرتی گردش صرف سونے تک محدود نہیں- ستارے، ان کے دھماکے اور نیوٹران ستاروں کے انضمام جیسے واقعات بھاری عناصر کو خلاء میں پھیلاتے ہیں، جو بعد میں نئے ستاروں اور سیاروں کی تشکیل کا حصہ بنتے ہیں یعنی آپ کے پاس موجود سونے کا ایک ٹکڑا دراصل زمین سے بھی پرانی کائناتی تاریخ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے- #سونا #فلکیات #سائنس_اور_کائنات #معدنیات