عازمینِ حج کے اعزاز میں منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیرِ اہتمام روح پرور محفلِ نعت، فروگ موبائل یونان کی جانب سے خصوصی تحائف پیش
ایتھنز (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء )منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیرِ اہتمام مرکزی منہاج اسلامک سنٹر ایتھنز میں فروگ موبائل یونان کے تعاون سے عازمینِ حج کے اعزاز میں ایک پروقار اور روح پرور محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونان بھر سے سیاسی، سماجی، مذہبی، صحافتی، کاروباری اور ادبی شخصیات سمیت عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد مختلف ثنا خوانوں نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ یورپ کے معروف ثنا خواں سجاد حسین قادری اور راجہ احتشام نے خصوصی نعتیہ کلام پیش کر کے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی اور محفل کو روحانی رنگ میں رنگ دیا۔
اس موقع پر فروگ موبائل یونان کے ڈائریکٹر ابراہیم فیض نے عازمینِ حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک سال کے ان لمیٹڈ ڈیٹا پر مشتمل سپر سمز بطور تحفہ پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین میں اپنے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب سے رابطے میں سہولت فراہم کرنا ان کی خوشی میں شریک ہونے کا ایک ادنیٰ سا ذریعہ ہے۔
تقریب کے دوران حاضرین کے لیے بھی خصوصی قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیا، جس میں تین خوش نصیب شرکاء کو فروگ موبائل یونان کی جانب سے سپر سمز تحفے میں دی گئیں، جس پر شرکاء نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین اور اسپانسر ادارے کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر صدر منہاج القرآن یونان ارسلان خرم چیمہ نے تمام معزز مہمانوں، ثنا خوانوں، عازمینِ حج اور شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی روحانی محافل محبتِ رسول ﷺ، اخوت اور اتحادِ امت کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے عازمینِ حج کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان سے امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔
محفل کے شرکاء نے کھڑے ہو کر حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا، جس سے پورا ماحول عشقِ رسول ﷺ کی خوشبو سے معطر ہو گیا۔ آخر میں علامہ حافظ محمد نواز ہزاری نے امتِ مسلمہ، کشمیر، فلسطین اور پاکستان کے امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کرائی، جبکہ حجاجِ کرام کے سفرِ حج کی قبولیت اور خیریت سے واپسی کے لیے بھی دعا کی گئی۔ تقریب روحانی کیفیت اور پرخلوص جذبات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
![]()


































