فالج کا پہلا کامیاب علاج

فالج کا پہلا کامیاب علاج

اسٹروک کے 2 دن بعد بھی

دوا نے مریض چلا دیے

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )فالج یعنی اسٹروک وہ بیماری ہے جو ایک لمحے میں انسان کی زندگی بدل دیتی ہے۔ دماغ کی شریان بند ہو جائے تو ہر منٹ میں لاکھوں خلیے مرتے ہیں، اور جو بچ جاتا ہے وہ اکثر مفلوج ہو جاتا ہے۔ اب تک اس کا واحد علاج خون پتلا کرنے والی دوا تھی جو صرف 6 گھنٹے کے اندر دی جا سکتی تھی۔ اس کے بعد ڈاکٹروں کے پاس مریض کو بچانے کا کوئی طریقہ نہیں تھا۔ کینیڈا، امریکہ اور جاپان کی کمپنیوں نے دماغ کو بچانے والی دوائیں بنانے کی کوشش کی لیکن سب ناکام رہیں۔

لیکن اب چین کے سائنسدانوں نے وہ کر دکھایا ہے جو کوئی نہ کر سکا۔ 10 ستمبر 2026 کو طبی جرنل جاما میں شائع ہونے والے ایل اے آئی ایس ٹرائل میں چین کے 32 ہسپتالوں کے 997 فالج کے مریض شامل تھے۔ انہیں فالج کے 48 گھنٹوں کے اندر لوبیرامیسل نامی نئی دوا کا 10 دن کا کورس دیا گیا، یعنی علاج کی کھڑکی 6 گھنٹے سے بڑھا کر 2 دن کر دی گئی۔

90 دن بعد کے نتائج نے دنیا کو حیران کر دیا۔ دوا لینے والے 69.7 فیصد مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے، یعنی ان میں کوئی علامت نہیں بچی یا معمولی معذوری رہی، جبکہ نقلی دوا والوں میں یہ شرح 56.3 فیصد تھی۔ یہ 13 فیصد کا واضح فرق ہے اور مضر اثرات میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔ یہ انسانی تاریخ میں پہلی دماغ بچانے والی دوا ہے جو ٹرائل میں کامیاب ہوئی ہے۔

اس کا مطلب سمجھیں۔ پہلے فالج کے مریض کو 6 گھنٹے میں ہسپتال پہنچنا لازمی تھا، ورنہ امید ختم۔ اب 2 دن تک کا وقت مل گیا ہے۔ دیہاتوں اور چھوٹے شہروں کے مریض جنہیں بڑے ہسپتال پہنچنے میں وقت لگتا ہے، ان کے لیے یہ دوا زندگی اور موت کا فرق ہو سکتی ہے۔

سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ ٹرائل صرف چین میں ہوا ہے اور دوسرے ملکوں میں بھی اس کی تصدیق ضروری ہے۔ لیکن فالج کے علاج میں یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ جو بیماری مفلوجی کی سب سے بڑی وجہ ہے، اس کا پہلا کامیاب علاج اب سامنے آ گیا ہے۔