Daily Roshni News

فرانس ، شوکت خانم فنڈ ریزنگ کے ڈائریکٹرز مشتاق جدون اور مبارک جدون کی جانب سے عید ملن پارٹی کا شاندار اہتمام ۔ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بھر پور شرکت ۔

فرانس ، شوکت خانم فنڈ ریزنگ کے ڈائریکٹرز مشتاق جدون اور مبارک جدون کی جانب سے عید ملن پارٹی کا شاندار اہتمام ۔ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بھر پور شرکت ۔

فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک)فرانس کی مشہور سیاسی اور کاروباری شخصیات   اور شوکت خانم۔۔ فنڈ ریزنگ کے ڈائیریکٹرز   جدون برادران۔  مشتاق جدون اور مبارک جدون کی جانب سے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے اعزاز میں ایک شاندار  عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا ـ۔   اس عید ملن پارٹی کو آرگنائز  پاکستان پیپلز پارٹی خواتین فرانس کی صدر اور مشہور سماجی شخصیت محترمہ روحی بانو نے کیا ـ

تقریب میں پیرس اور گرد و نواح سے پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منایا۔ محفل میں معروف انٹرنیشنل فیشن ڈیزائنر نیناں خان، معروف شاعرہ و مصنفہ شاز ملک، معروف سماجی شخصیت اصفہ ہاشمی، معروف اینکر ناصرہ خان اور معروف صحافی شبانہ چوہدری نے خصوصی شرکت کرکے تقریب کو مزید رونق بخشی۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری فاروق احمد فاروقی نے حاصل کی۔ بعد ازاں معروف شاعر ایاز محمود ایاز نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو منور کردیا۔

معروف سماجی و کاروباری شخصیت جناب حمزہ تاج سکھیرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات پاکستانی کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی انسانیت دوست خدمات کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر معروف سماجی و کاروباری شخصیت جناب سردار ظہور اقبال نے جناب مشتاق جدون کی کمیونٹی کے لیے خدمات اور کاوشوں کو خوبصورت الفاظ میں سراہا، جبکہ معروف سماجی شخصیت جناب چوہدری شاہین نے بھی پروگرام کو بے حد پسند کرتے ہوئے مشتاق جدون کے جذبے، محنت اور حوصلے کی بھرپور تعریف کی۔

تقریب کے دوران موسیقی کا خوبصورت سلسلہ بھی جاری رہا، جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے اور محفل خوشیوں اور قہقہوں سے گونجتی رہی۔

آخر میں سرپرستِ اعلیٰ جناب مشتاق جدون، جناب مبارک جدون اور آرگنائزر محترمہ روحی بانو نے تمام مہمانوں اور کمیونٹی اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف خوشیاں بانٹنے کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ ہماری نئی نسل کو اپنی ثقافت، زبان اور روایات سے جوڑے رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

محترمہ روحی بانو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:“آئیے ہم سب مل کر محبت، اتحاد، احترام اور بھائی چارے کے اس خوبصورت پیغام کو آگے بڑھائیں تاکہ ہماری کمیونٹی ہمیشہ ایک مضبوط خاندان کی مانند متحد رہے۔”

آخر میں اجتماعی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحت، رزقِ حلال، کامیابیاں، آسانیاں اور خوشیاں عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

یوں یہ دلکش، یادگار اور پُررونق تقریب شاندار عشائیے کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔۔      رپورٹ منیر احمد ملک پیرس فرانس

Loading