Daily Roshni News

لیڈز ٹیسٹ: پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری، 2 وکٹوں پر 95 رنز

لیڈز ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، قومی ٹیم نے اب سے کچھ دیر پہلے تک 27 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 95 رنز بنالیے ہیں۔

انگلینڈ کی دعوت پر پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اذان اویس اور امام الحق نے کیا لیکن اذان اویس اننگز کی پہلی ہی گیند پر اولی روبنسن گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جب کہ پانچویں اوور میں 6 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود بھی 5 رنز بناکر چلتے بنے۔

انگلینڈ کی جانب سے جارحانہ انداز میں بولنگ کا سلسلہ جاری تھا کہ 10ویں اوور میں بارش کے باعث کھیل روکنا پڑگیا، اس وقت پاکستان کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 23 اسکور تھا۔

مسلسل ہونے والی بارش کے باعث کھانے کا وقفہ کردیا گیا تاہم وقفے کے بعد پاکستان کی محتاط انداز میں بیٹنگ جاری ہے۔ قومی ٹیم نے اب تک 27 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 95 رنز بنالیے ہیں۔

امام الحق 41 اور عبداللہ شفیق 46 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جب کہ انگلینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں اولی روبنسن کے حصے میں آئیں۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آج سے آغاز ہوچکا ہے، لِیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں انگلش کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد انگلش کپتان جو روٹ کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی میرے لیے فخر کی بات ہے، پاکستان کو کم سے کم اسکور پر آئوٹ کرنے کی کوشش کریں گے،وکٹ میں کچھ نمی موجود ہے جس سے ہم فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے،گزشتہ روز آخری لمحات میں معلوم ہوا کہ میں کپتانی کروں گا،ہر سیریز ایک موقع ہوتی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہاں کامیابی حاصل کی جائے۔

پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان سلمان علی آغا، امام الحق، اذان اویس، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، محمد رضوان، علی عثمان، خرم شہزاد، محمد علی اور محمد عباس شامل ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان جو روٹ، ایمیلی گائے، بین ڈکٹ، جارڈن کوکس، ہیری بروک، ڈین لارسن، جیمی اسمتھ، گس ایٹکنسن، جوفرا آرچر، اولی روبنسن اور جوش ٹنگ شامل ہیں۔

یاد رہےکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ اگست کی 27 تاریخ کو تاریخی گراؤنڈ لارڈز میں اور تیسرا و آخری ٹیسٹ نو ستمبر سے برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ سے قبل ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا جب مستقل کپتان بابر اعظم پریکٹس میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہو کر پہلے میچ سے باہر ہو گئے۔ ان کی غیر موجودگی میں سلمان علی آغا پاکستان کے 36ویں ٹیسٹ کپتان کے طور پر قیادت کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔

سلمان علی آغا اس سے قبل دو ون ڈے اور پچاس ٹی 20 میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی کر چکے ہیں جب کہ وہ 27 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وکٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر رہنے والے شان مسعود بھی اب انتخاب کے لیے دستیاب ہیں۔

قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز برابر کرنے کے بعد انگلینڈ پہنچی تھی جہاں انہوں نے تھری ڈے پریکٹس میچ میں سعود شکیل کی شاندار سنچری کی بدولت زبردست کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پریکٹس میچ بہت اچھا رہا، ہم نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور وارم اپ میچ بھی جیتا ہے۔ ٹیم کے حوصلے بہت بلند ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ پوری ٹیم یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے سلمان علی آغا کی کپتانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور ٹیم مینجمنٹ ہمیں لِیڈز ٹیسٹ میں سلمان کی قیادت پر پورا بھروسہ ہے۔ وہ ان کھلاڑیوں میں سے ہیں جو قیادت کی ذمہ داری ملتے ہی مزید پرعزم ہو جاتے ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک بابر اعظم کا تعلق ہے تو یہ بدقسمتی ہے کہ ان کے ہاتھ پر گیند لگی، لیکن ہمیں امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے مکمل فٹ ہو کر ٹیم میں واپس آ جائیں گے۔

تاریخی لحاظ سے پاکستان کا انگلینڈ کی سر زمین پر ریکارڈ کافی نمایاں رہا ہے جہاں قومی ٹیم نے لارڈز میں پانچ، اوول میں چار اور لِیڈز و مانچسٹر میں ایک ایک ٹیسٹ جیتا ہے۔ اب تک دونوں ممالک کے درمیان کھیلے گئے بانوے ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان نے تئیس میں فتح حاصل کی ہے جبکہ انتالیس میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت انگلینڈ ساتویں اور پاکستان آٹھویں نمبر پر موجود ہے، جس کی وجہ سے یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

Loading