حکومت چند دن کی مہمان ہے: محمود خان اچکزئی
پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )اسلام آباد میں سیاسی رابطوں میں تیزی نے حکومتی اور اپوزیشن حلقوں کے درمیان بڑھتے فاصلے واضح کردیے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات، پارلیمانی حکمت عملی پر مشاورت اور اس کے بعد محمود خان اچکزئی کے حکومت کے مستقبل سے متعلق سخت بیان نے سیاسی منظرنامے میں نئی ہلچل پیدا کردی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ دکھائی دے رہا ہے، جہاں ایک جانب حکومتی اتحاد اور اس کے سیاسی معاملات پر سوالات اٹھ رہے ہیں تو دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطے تیز ہوگئے ہیں۔ ایسے میں بلاول بھٹو زرداری کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات اور محمود خان اچکزئی کے حکومت کے مستقبل سے متعلق بیان نے سیاسی منظرنامے کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارلیمانی امور، ملکی سیاسی صورتِ حال اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکریٹری جنرل اسد قیصر، وائس چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، رکن قومی اسمبلی عادل بازئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوندزادہ حسین بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں سے پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہوکر فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اس معاملے پر پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کا کہا۔
پیپلز پارٹی اور اپوزیشن قائدین نے پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق معاملات پر باہمی رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ انتخابی اصلاحات اور انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کریں۔
ملاقات میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی اور علاج کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے جمہوری روایت قرار دیا۔
ملاقات کے بعد سیاسی درجہ حرارت اس وقت مزید نمایاں ہوا جب محمود خان اچکزئی نے صحافیوں سے گفتگو میں حکومت کے مستقبل کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چند دن کی مہمان ہے اور شہباز شریف کی حکومت بھی چند دن کی مہمان ہے۔
محمود خان اچکزئی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بچھوؤں کا بل ہو، وہاں انگلیاں ڈالی جاتی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایک بات بالکل طے ہے کہ مائنس عمران خان فارمولا کوئی قبول نہیں کرے گا۔
![]()

