دی ہیگ کی معروف سماجی شخصیت پرویز ایوب اور
روشنی نیوز کے چیف ایڈیٹر جاوید عظیمی کے مابین
بذریعہ ٹیلی فون خصوصی گفتگو۔۔۔
(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔خصوصی مندوب ) ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں 1976 سے رہائش پزیر معروف سماجی اور ہر دلعزیز شخصیت پرویز ایوب اور نامور آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی کے مابین بذریعہ ٹیلی فون خصوصی گفتگو بروز سوموار یکم جون 2026 کو ہونے والی گفتگو کے دوران پرویز ایوب نے بتایا کہ دی ہیگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ یادگار وقت گزر اہے اور تاحال بہت بہترین گزر رہا ہے۔ ایک موقعہ پر انھوں نے کہا کہ میں پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن دی ہیگ کا نائب صدر بھی رہا ہوں ۔ متذکرہ تنظیم کے زیر انتظام و انصرام منعقدکی جانے والی قومی تقریبات کی ہر سنہری یادیں اب بھی میرے دل و دماغ میں محفوظ ہیں ۔ پرویز ایوب نے اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہاہالینڈ میں پچاس سال سے زائد عرصے سے رہائش پزیر ہوں اس دوران زندگی میں نشیب و فراز کا سامنا بھی کیا ۔آجکل میں اپنی رہائش گاہ کے قریب ترکیوں کی مسجد ہجرت میں اذان بھی دیتا ہوں جبکہ پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کی دار السلام اور منہاج القرآن میں بھی اذان دینے کا موقعہ مل جاتا ہے۔ اذان دے کر نمازیوں کو اللہ تعالٰی کی بندگی کے لئے پکارنا مجھے بہت اچھا لگتا ہے ۔ اس عمل سے میں اپنے باطن میں خوشیوں کی لہریں دوڑتے ہوئے محسوس کرتا ہوں ۔ اللہ تعالٰی ہمیں رب کائنات کے احکامات اور رسول محتشم ﷺکی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق جمیل عطا فرمائیں آمین ثمہ آمین۔ روشنی نیوز سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے پرویز ایوب نے کہا۔ روشنی نیوز کی اشاعت میں روشنی کی باتیں کے عنوان سے اردو کے خوبصورت لفظوں میں اللہ تعالٰی کے احکامات اور رسول محتشم ﷺکے فرمانوں کو بیان کیا جاتا ہے جس سے ہماری روح کی بالید گی بھی ہوتی ہے۔اس سلسلے میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان احکامات کا ادراک کرکے ان پر عمل پیرا ہونے کی توفیق جمیل عطا فرمائیں۔ گفتگو کے اختتام پر مدیر اعلیٰ روشنی نیوز جاوید عظیمی نے پرویز ایوب کا وقت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔جواباً پرویز ایوب نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا ۔
![]()





