*منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے سابق صدر مرحوم محمد حفیظ اللہ قادری کے ایصالِ ثواب اور چہلم کے حوالے سے ویانا میں قرآن خوانی اور دعائیہ محفل کا اہتمام*

*منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے سابق صدر مرحوم محمد حفیظ اللہ قادری کے ایصالِ ثواب اور چہلم کے حوالے سے ویانا میں قرآن خوانی اور دعائیہ محفل کا اہتمام*

(رپورٹ محمد عامر صدیق ویانا) منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے سابق صدر مرحوم محمد حفیظ اللہ قادری کے ایصالِ ثواب اور چہلم کے حوالے سے ویانا میں قرآن خوانی اور دعائیہ محفل کا اہتمام بروز اتوار مورخہ 8 نومبر 2026 عصر تا نمازِ مغرب منہاج اسلامک سنٹر ویانا Tossgasse 4, 1150 میں کیا گیا ہے۔ جس میں سفارت خانہ پاکستان کے عملے،پاکستان کمیونٹی کی مختلف تنظیمات، مذہبی، سیاسی، سماجی، اسپورٹس، تاجر برادری، صحافی برادری اور پاکستانی کمیونٹی کی خواتین فیملیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

قرآن خوانی کے بعد محفل کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اور یورپ کے مشہور و معروف نعت خواں غلام مصطفی نعیمی، شہریار خان،آفتاب سیفی عظیمی اور حاجی اکبر نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

محفل سے نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ عبدالحفیظ الازہری اور پاک سینٹر مسجد المدینہ کے خطیب علامہ غلام مصطفی بلوچ نے خصوصی خطابات کرتے ہوئے کہا کہ موت ہر انسان کے لیے اٹل حقیقت ہے، جبکہ اہلِ ایمان اپنے مرحومین کے لیے دعا، تلاوتِ قرآن اور ایصالِ ثواب کے ذریعے بخشش کا سامان فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے دعائے مغفرت کی اہمیت، آخرت کی تیاری اور نیک اعمال کو زندگی کا مستقل حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے، تاہم اس کے نیک اعمال، صالح اولاد اور اہلِ خانہ و احباب کی دعائیں اس کے لیے باعثِ اجر و ثواب بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد اپنی زندگی کو نیک اعمال، عبادات اور خدمتِ خلق سے مزین کرے اور اپنے مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب کا سلسلہ جاری رکھے۔

حاجی گلزار احمد نے ختم شریف پڑھا اور علامہ عبدالحفیظ الازہری نے اجتماعی دعا میں سابق صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا، محمد حفیظ اللہ قادری(مرحوم ) کی مغفرت اور درجات کی بلندی، حاضرین اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ بعداز تمام نعت خوانوں اور حاضرین نے مل کر درود و سلام کا نظرانہ پیش کیا۔ آخر میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا، شیخ محبوب عالم اور (مرحوم) کی فیملی کی جانب سے تمام حاضرین کا محفل و قرآن خوانی میں شرکت پر شکریہ ادا کیا گیا۔