Daily Roshni News

*پاکستان، ترکیے دوستی کانفرنس، استنبول میں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے شاندار تقریب۔

*پاکستان، ترکیے دوستی کانفرنس، استنبول میں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے شاندار تقریب، مشہور ڈرامہ “ایرطرل” کے کردار “عبدالرحمن ” کی خصوصی شرکت اور پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار*

استنبول، ترکیے (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ  خصوصی۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری )پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے حوالے سے “پاکستان-ترکیے انویسٹمنٹ اینڈ ڈیویلپمنٹ کونسل” کی جانب سے استنبول میں ایک شاندار  اور پروقار “پاکستان–ترکیے دوستی کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، تجارتی روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ کانفرنس میں پاکستانی، ترک اور دیگر ممالک کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اور پھر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔۔

پاکستان-ترکیے انویسٹمنٹ اینڈ ڈیویلپمنٹ کونسل کے صدر اور ترکیے کی مشہور کاروباری شخصیت “عادل سمیع ” نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور تجارت میں اضافے پر زور دیا، عادل سمیع نے پاکستان-ترکیے اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور صدر ایردوان، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور حکومت پاکستان کی کاوشوں کو خوب سراہا۔۔

کانفرنس میں پاکستان سے تشریف لائے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تقریباً 200 افراد پر مشتمل ایک بڑے وفد نے صدر سردار طاہر محمود کی سربراہی میں شرکت کی، جس میں کاروباری شخصیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شامل تھے۔ ترک رکن پارلیمنٹ سیرکان بیرام بھی خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوئے اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور دلی محبت کا اظہار کیا ۔

کانفرنس میں پاکستان اور ترکیے کے کاروباری حلقوں کے درمیان تعاون بڑھانے، نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔

اس تقریب کی ایک خاص بات معروف ترک اداکار جلال آل جنہوں نے مشہور ترک ڈرامہ “ایرطرل غازی ”  میں عبدالرحمان کے کردار سے شہرت پائی، کی شرکت بھی تھی، جو پاکستانی عوام میں خاصے مقبول اور پسندیدہ ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے یومِ آزادی پر پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مشہور پاکستانی ملی نغمے “دل دل پاکستان جان جان پاکستان” کو دل دل پاکستان، جان جان ترکیے میں بدل کر دونوں ممالک کیلئے اپنی محبت کا اظہار کیا، تقریب کے دوران وہ کئی مرتبہ پاکستانی پرچم کو چومتے اور تکریم کرتے دکھائی دئیے۔۔

کانفرنس میں شریک پاکستانی، ترک اور دیگر ممالک کے لوگوں نے مل کر پاکستان کی 79 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور ایک دوسرے کا منہ میٹھا کروایا۔۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان اور ترکیے کی دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں اقتصادی، تجارتی اور عوامی روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر “پاکستان-ترکیے دوستی کانفرنس ” کے انعقاد سے استنبول سے یہ پیغام واضح طور پر سامنے آیا کہ پاکستان اور ترکیے کی دوستی صرف تاریخ، ثقافت اور سفارت کاری تک محدود نہیں، بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط اور وسیع تر اقتصادی شراکت داری کے بھی بے پناہ امکانات موجود ہیں۔

Loading