پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے ہیڈ آفس پیرس میں اجلاس منعقد ہوا ، سالانہ تقریبات اور مختلف امور پر مشاورت کی گئی ۔
پریس۔ فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک) پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے ہیڈ آفس میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں تنظیم کی آئندہ سرگرمیوں، سالانہ تقریبات اور یورپ میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں برگیڈیئر عامل حسین، برطانیہ سے راجہ محمد اشتیاق اور چوہدری بیرسٹر شہزاد کریم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان بزنس فورم کے بانی و صدر حاجی اسلم چوہدری، چیئرمین یورپ سردار ظہور اقبال، سرپرستِ اعلیٰ یورپ ابراہیم ڈار، چیف کوآرڈینیٹر یورپ صاحبزادہ عتیق الرحمن اور ڈپٹی سیکرٹری یورپ یاسر خان نے مہمانوں کا پھولوں کے گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا۔
اجلاس میں پاکستان بزنس فورم فرانس کے ایگزیکٹو ممبران نے بھی بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز سیکرٹری انفارمیشن و لیگل یورپ سلمان اسلم نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔
اس موقع پر چیئرمین یورپ سردار ظہور اقبال نے پاکستان بزنس فورم کی کارکردگی، اغراض و مقاصد اور یورپ میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کی فلاح و ترقی کے لیے فورم کے کردار پر جامع انداز میں روشنی ڈالی۔
بانی و صدر حاجی اسلم چوہدری نے حالیہ کامیاب تقریبات کے انعقاد پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام عہدیداران اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔
چیف کوآرڈینیٹر یورپ صاحبزادہ عتیق الرحمن نے پاکستان بزنس فورم کی سالگرہ کی تقریبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے مجوزہ پروگرام اور انتظامات سے شرکاء کو آگاہ کیا،
جنرل سیکرٹری یاسر خان نے آئندہ منعقد ہونے والی ایکسپو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور تیاریوں سے متعلق شرکاء کو اعتماد میں لیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد اشتیاق نے پاکستان بزنس فورم کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ آٹھ رکنی وفد کے ہمراہ یورپ کے دورے پر ہیں اور قائداعظم ٹرسٹ یوکے کی جانب سے پاکستان بزنس فورم فرانس کو اس کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر نائب صدر پاکستان بزنس فورم فرانس محمود احمد راہی نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاکستان بزنس فورم زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگوائے، جبکہ معروف مذہبی اسکالر زاہد فیاض نے ملکی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان بزنس فورم کی مزید ترقی و کامیابی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔۔ رپورٹ منیر احمد ملک بیورو چیف 39 نیوز چینل پیرس فرانس
![]()






