پاکستان بزنس فورم فرانس کے ہیڈ آفس میں دعائیہ تقریب، مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا
سید شاہزیب ارشد کے والد اور راجہ مظہر ذمہ واریہ کی والدہ کے لیے دعائے مغفرت، پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت
پیرس فرانس )ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک (پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ، تحریک انصاف فرانس و یورپ کے عہدیداران، معززینِ کمیونٹی اور صحافی برادری کی شرکت
پاکستان بزنس فورم فرانس کے ہیڈ آفس میں سینئیر صحافی اور دنیا نیوز کے نمائندہ فرانس سید شاہزیب ارشد کے والدِ محترم مرحوم اور پاکستان بزنس فورم فرانس کے نائب صدر راجہ مظہر ذمہ واریہ کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک پروقار اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف سیاسی، سماجی، کاروباری اور صحافتی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دعائیہ تقریب میں پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے عہدیداران و اراکین، تحریک انصاف فرانس و یورپ کے عہدیداران، کمیونٹی کے معززین، سماجی و کاروباری شخصیات اور صحافی برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے خصوصی دعا کی۔
دعائیہ تقریب کے شرکاء نے سید شاہزیب ارشد اور راجہ مظہر ذمہ واریہ سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی کمیونٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ شرکاء نے مرحومین کی مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔
اس موقع پر پاکستان بزنس فورم فرانس کے بانی صدر حاجی محمد اسلم چوہدری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس ہمیشہ اپنی کمیونٹی کے افراد کے دکھ اور سکھ میں ان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آج ہم اپنے ساتھیوں سید شاہزیب ارشد اور راجہ مظہر ذمہ واریہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
حاجی محمد اسلم چوہدری نے کہا کہ والدین کا دنیا سے رخصت ہونا اولاد کے لیے ایک بہت بڑا صدمہ ہوتا ہے۔ ہم سوگوار خاندانوں کے دکھ کو محسوس کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے۔
چیئرمین سردار ظہور اقبال نے کہا کہ اللہ تعالیٰ دونوں مرحومین کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی قبروں کو نور سے منور کرے، ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دلی دعا ہے کہ اللہ رب العزت سید شاہزیب ارشد، راجہ مظہر ذمہ واریہ اور ان کے تمام اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور اس مشکل وقت میں اپنی خصوصی رحمت و نصرت شاملِ حال رکھے۔
تقریب میں موجود دیگر مقررین اور شرکاء نے بھی مرحومین کی خدمات اور ان کے لیے دعائے خیر کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ غم کی ایسی گھڑی میں ایک دوسرے کے دکھ میں شریک ہونا پاکستانی کمیونٹی کی روایتی اقدار اور باہمی اخوت کا مظہر ہے۔
بعد ازاں مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کرائی گئی۔
![]()





