Daily Roshni News

پیرس میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کا چھٹا سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر۔

پیرس میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کا چھٹا سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر

پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت، دل کھول کر عطیات دینے کا عزم

پیرس فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل  ۔۔۔نمائندہ خصوصی۔۔۔ منیر احمد ملک (پیرس میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے لیے چھٹا سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر نہایت پروقار اور بھرپور انداز میں منعقد ہوا، جس میں فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شوکت خانم کے مشن کی حمایت میں دل کھول کر عطیات پیش کیے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے معروف اداکار احد رضا میر تھے، جبکہ پاکستان سے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن ملک نے خصوصی شرکت کی .

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد نظامت کے فرائض فرانس کی معروف سماجی و سیاسی شخصیات میاں ذوالفقار جٹالہ اور یاسر قدیر  نے نہایت خوبصورتی سے انجام دیے۔

شوکت خانم میموریل فاؤنڈیشن فرانس کے ڈائریکٹر مشتاق خان چدون نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور شوکت خانم کے جاری منصوبوں، بالخصوص کراچی میں زیرِ تعمیر تیسرے کینسر ہسپتال کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر احسن ملک نے شوکت خانم کی اب تک کی خدمات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے لاہور اور پشاور کے ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کراچی میں زیرِ تعمیر شوکت خانم کے تیسرے ہسپتال کے مختلف پہلوؤں، مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات، علاج کے نظام اور مستقبل میں اس منصوبے سے مستفید ہونے والے مریضوں کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

مہمانِ خصوصی احد رضا میر نے اپنے خطاب میں شوکت خانم کے مشن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اس عظیم انسانی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی استطاعت کے مطابق دل کھول کر عطیات دیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم نیکی ہے اور اس کا حقیقی اجر اللہ تعالیٰ ہی عطا فرماتا ہے۔

تقریب سے فرانس کی معروف سماجی، سیاسی اور کاروباری شخصیات چودھری شاہین اختر، سردار ظہور اقبال، تاج دین سکھیرا، چودھری گلزار لنگڑیال، اشفاق جٹ، فضل مغل، روحی بانو اور آصفہ ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے شوکت خانم کے مشن، کینسر کے مریضوں کے لیے اس کی خدمات اور پاکستانی کمیونٹی کے اس قومی و فلاحی منصوبے میں کردار کو سراہا اور شرکاء کو زیادہ سے زیادہ تعاون کی ترغیب دی۔

تقریب کے اختتام پر شوکت خانم فنڈ ریزنگ کمیٹی کے سینئر ممبران حمزہ تاج اور مبارک خان چدون نے مہمانِ خصوصی، پاکستان سے تشریف لانے والے معزز مہمان، مقررین، منتظمین اور تمام شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

فنڈ ریزنگ ڈنر کے دوران فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ایک مرتبہ پھر اپنے جذبۂ خدمت اور انسانیت دوستی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے لیے بھرپور مالی تعاون کیا۔

تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شوکت خانم جیسے عظیم فلاحی منصوبے کی کامیابی کے لیے وہ آئندہ بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے، تاکہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا مستحق مریضوں کو معیاری علاج کی سہولت بلاامتیاز فراہم کی جا سکے۔

Loading