پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں چوہدری منظور اور ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ آئین میں تبدیلی کا حق صرف سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے، اور ریفرنڈم کے ذریعے آئین کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوششوں سے آئین کی شق 58 ٹو بی دوبارہ بحال ہو سکتی ہے۔
لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اور پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا اور عدلیہ کی آزادی، پاکستان کی معیشت اور علاقائی صورتحال کے علاوہ صوبوں کے معاملے اور دیگر اہم مسائل پر بھی بات کی ہے، تاہم اس وقت صرف ایک معاملہ ایسا ہے جس پر سب سے زیادہ بحث ہو رہی ہے۔
چوہدری منظور کے مطابق یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر عوام خود رائے دیں تو منتخب نمائندے کی حیثیت ختم ہو جاتی ہے، لیکن اگر فرض کر لیا جائے کہ عوام ریفرنڈم میں اپنی رائے دیں تو کیا اس رائے کو آئین کے اندر تبدیلی تصور کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئین میں تبدیلی کا ایک باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے اور یہ اختیار سینیٹ اور قومی اسمبلی کو حاصل ہے۔
آئینی طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 239 کے علاوہ کوئی اور شق دکھائی جائے جس میں صوبائی اسمبلی کو ویٹو کا اختیار دیا گیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں یا آئینی تبدیلی کے حوالے سے آرٹیکل 239 میں واضح طریقہ کار درج ہے، جس کے تحت پہلے قومی اسمبلی اور پھر متعلقہ صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے، اور اگر صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے اسے نامنظور کر دے تو معاملہ صدر کے پاس نہیں جا سکتا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ صوبائی اسمبلی کو اس ایک آرٹیکل کے ذریعے ویٹو کا اختیار حاصل ہے۔
چوہدری منظور نے آئین کو ایک چار دیواری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں داخل ہونے یا باہر جانے کا کوئی غیر آئینی راستہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے ایک چور دروازے سے آئین کی دیوار کو توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور اگر ایسا کیا گیا تو اس کے نتیجے میں آئین کی شق 58 ٹو بی دوبارہ بحال ہو جائے گی، جس کے تحت ماضی میں صدر کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار حاصل تھا۔
چوہدری منظور احمد نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی، عدلیہ کی آزادی اور صوبوں سمیت ملک کو درپیش مسائل کے ہر پہلو پر بات کی ہے، تاہم اتفاق سے صرف ایک ہی معاملے پر بحث ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نہ بحث سے گھبراتی ہے اور نہ سوال اٹھانے سے، بلکہ خود چاہتی ہے کہ سوال کیا جائے کہ اگر عوام ریفرنڈم میں رائے دیں تو کیا اسے آئین کے اندر تبدیلی تصور کیا جا سکتا ہے۔
’چند وزرا سیاسی انہدام کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ پوری کابینہ یہی مؤقف رکھتی ہے‘
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی نظام کی مضبوطی اور مختلف مسائل پر قومی یکجہتی کی بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف پیپلز پارٹی ہی ہر معاملے پر بات کرتی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کو وضاحت دینی چاہیے تھی کہ اس کے وزرا کیا بیانات دے رہے ہیں۔
ندیم افضل چن کے مطابق اگر چند وزرا سیاسی انہدام کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ پوری کابینہ یہی مؤقف رکھتی ہے۔
ندیم افضل چن نے معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں 40 سے 50 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے ہو وہاں معیشت کی حالت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پورے ملک کی بات کرتی ہے، سوالوں سے گھبرانے والی جماعت نہیں اور ہر شخص کو کسی بھی مکالمے میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر نے اپنے اختیارات صوبوں کو منتقل کیے اور بلدیاتی نظام کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی آگے ہے۔
انتخابی عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے لوگ اپنا اعتماد ظاہر کرتے ہیں لیکن کیا عوام الیکشن کمیشن پر اعتماد کرتے ہیں، کیونکہ ہر انتخاب میں ہر جماعت نے اعتراضات اٹھائے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات نہیں ہوتے۔