Daily Roshni News

ڈریگن بوٹ فیسٹیول ۔۔پاک چین دوستی میں ایک اہم سنگ میل۔۔۔ تحریر۔۔۔ناز پروین

ڈریگن بوٹ فیسٹیول ۔۔پاک چین دوستی میں ایک اہم سنگ میل

تحریر۔۔۔ناز پروین

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ ڈریگن بوٹ فیسٹیول ۔۔پاک چین دوستی میں ایک اہم سنگ میل۔۔۔ تحریر۔۔۔ناز پروین)دنیا کی مختلف تہذیبوں میں ایسے تہوار موجود ہیں جو نہ صرف خوشی اور تفریح کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ اپنی تاریخ، ثقافت اور قومی شناخت کو بھی زندہ رکھتے ہیں۔ چین کا مشہور “ڈریگن بوٹ فیسٹیول” بھی ایک ایسا ہی منفرد تہوار ہے جو صدیوں پرانی روایات، حب الوطنی اور ثقافتی ورثے کی خوب صورت علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ تہوار ہر سال چینی قمری کیلنڈر کے پانچویں مہینے کی پانچویں تاریخ کو منایا جاتا ہے اور چین سمیت دنیا بھر میں چینی کمیونٹی بڑے جوش و خروش سے اس کا اہتمام کرتی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ادارہ UNESCO نے بھی اس تہوار کو عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ قرار دیا ہے، جو اس کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کا واضح ثبوت ہے۔

ڈریگن بوٹ فیسٹیول  کی تاریخ دو ہزار سال سے بھی زیادہ پرانی مانی جاتی ہے۔ اس تہوار کے پس منظر میں ایک عظیم محب وطن شاعر اور وزیر Qu Yuan کی داستان بیان کی جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے وطن اور عوام سے بے حد محبت کرتے تھے۔ جب ان کی ریاست سیاسی سازشوں اور بدعنوانی کا شکار ہوئی تو انہوں نے شدید دلی رنج کے باعث دریا میں کود کر اپنی جان قربان کر دی۔ عوام نے انہیں بچانے کے لیے کشتیوں کے ذریعے دریا میں تلاش شروع کی اور مچھلیوں کو ان کے جسم سے دور رکھنے کے لیے چاول پانی میں پھینکے۔ یہی روایت بعد میں ڈریگن بوٹ ریس اور مخصوص چاولی پکوانوں کی صورت میں تہوار کا حصہ بن گئی۔

اس تہوار کی سب سے نمایاں اور دل چسپ سرگرمی ڈریگن بوٹس کی ریس ہوتی ہے۔ لمبی، رنگ برنگی کشتیوں کو اژدہے کی شکل دی جاتی ہے جن کے اگلے حصے پر ڈریگن کا سر اور پچھلے حصے پر دم بنائی جاتی ہے۔ درجنوں ملاح ایک ہی ردھم میں چپو چلاتے ہیں جبکہ ڈھول کی تھاپ ان کے جوش اور رفتار کو مزید بڑھا دیتی ہے۔ یہ منظر نہ صرف کھیل بلکہ اتحاد، نظم و ضبط اور اجتماعی ہم آہنگی کی بہترین مثال پیش کرتا ہے۔

ڈریگن بوٹ فیسٹیول کا ایک اہم حصہ “زونگ زی” نامی روایتی کھانا بھی ہے۔ یہ چپچپے چاولوں کو بانس یا سرکنڈے کے پتوں میں لپیٹ کر تیار کیا جاتا ہے اور اس میں مختلف میٹھے یا نمکین اجزاء شامل کیے جاتے ہیں۔ چینی خاندان اس تہوار پر خصوصی طور پر زونگ زی تیار کرتے اور ایک دوسرے میں تقسیم کرتے ہیں، جس سے محبت اور خاندانی رشتوں کو فروغ ملتا ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ یہ تہوار صرف چین تک محدود نہیں رہا بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں بھی منایا جانے لگا ہے۔

پاکستان کی ثقافتی تاریخ میں ایک منفرد اور یادگار باب کا اضافہ ہونے جا رہا ہے جہاں پہلی مرتبہ عالمی شہرت یافتہ فیسٹیول  کا انعقاد خیبر پختونخوا کے خوب صورت مقام سر دریاب، ضلع چار سدہ میں کیا جا رہا ہے

یہاں دریائے کابل بہتا ہے یہ ایک مقبول سیاحتی مقام ہے جہاں لوگ کشتی رانی اور لذیذ مچھلی سے لطف اٹھانے کے لیے آتے ہیں ۔ یہ رنگا رنگ اور تاریخی فیسٹیول چائنہ ونڈو  کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور عوامی سطح پر دونوں ممالک کی دوستی کو فروغ دینا ہے۔

سر دریاب کا پُرفضا اور دل کش ماحول اس بین الاقوامی نوعیت کے فیسٹیول کے لیے خصوصی طور پر منتخب کیا گیا ہے جہاں مقامی افراد نہایت جوش و خروش کے ساتھ تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس تقریب کی سب سے نمایاں کشش ڈریگن بوٹس ہوں گی جنہیں باقاعدہ ڈریگن کی شکل دی جا رہی ہے۔ رنگ برنگی کشتیوں کے اگلے حصے پر ڈریگن کے سر جبکہ پچھلے حصے پر دم تیار کی جا رہی ہے تاکہ اصل چینی روایت کی جھلک پیش کی جا سکے۔ یہ منظر یقیناً شرکاء اور سیاحوں کے لیے ایک منفرد تجربہ ثابت ہوگا۔گزشتہ کئی برسوں سے چائنہ ونڈو  پاکستان میں ثقافتی ہم آہنگی، سیاحت اور بین الاقوامی ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈریگن بوٹ فیسٹیول کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک شاندار کڑی ہے۔ اس تقریب کے ذریعے نہ صرف پاکستانی عوام کو چینی ثقافت سے روشناس کرایا جائے گا بلکہ یہ پیغام بھی دیا جائے گا کہ ثقافتیں فاصلے کم کرنے اور دلوں کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہوتی ہیں۔

فیسٹیول کے دوران صرف کشتی رانی ہی نہیں بلکہ علاقائی ثقافت کو بھی بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا کے روایتی رقص، موسیقی اور ثقافتی پرفارمنسز اس تقریب کو مزید دل کش بنا دیں گی۔ مقامی فنکار اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے جبکہ روایتی دھنوں پر پیش کیے جانے والے رقص شرکاء کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ اس طرح یہ تقریب پاکستانی اور چینی ثقافتوں کے حسین امتزاج کی خوب صورت مثال بن جائے گی۔

یہ فیسٹیول نہ صرف تفریح اور ثقافت کا حسین امتزاج ہوگا بلکہ اس سے مقامی سیاحت کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔ سر دریاب جیسے خوب صورت مقام پر بین الاقوامی نوعیت کی سرگرمیوں کا انعقاد علاقے کی مثبت شناخت کو اجاگر کرے گا اور نوجوان نسل کو مختلف ثقافتوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

ڈریگن بوٹ فیسٹیول دراصل محبت، اتحاد، دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہے، اور چائنہ ونڈو کی یہ کاوش پاکستان اور چین کے درمیان عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں یقیناً ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

Loading