*یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر آسٹریا ویانا میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام خصوصی تقریب*

*یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر آسٹریا ویانا میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام خصوصی تقریب*

آسٹریا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔ محمد عامر صدیق) یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے افراد،انٹرنیشنل کمیونٹی کے افراد، خواتین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس تقریب کا مقصد کشمیری عوام کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت کو اجاگر کرنا، ان کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرنا اور عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر  مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا تھا۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک جاری رکھی جائے گی۔

27 اکتوبر کو دنیا بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ آج کے دن 1947 میں بھارت نے بغیر کسی قانونی جواز کے ریاست جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کر لیا۔ اس کے بعد سے بھارتی قابض افواج معصوم اور نہتے کشمیری مسلمانوں بشمول خواتین اور بچوں کو بے دردی سے قتل کر رہی ہے، ان کی املاک کی توڑ پھوڑ، دیگر غیر انسانی کارروائیوں میں ملوث ہے اور انہیں ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رہی ہے۔

تقریب میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سیدہ مبشرہ عروج نے انجام دیے. تقریب کا باقاعدہ آغاز  تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد پاکستانی سفارت خانے کے ہیڈ اف چانسری عدیل احمد خان آفریدی اور فرسٹ سیکریٹری جنید سلیمان، نے صدر، وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے جس میں کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔اور تقریب میں شریک معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ تقریب کے دوران کشمیر یوم سیاہ کی تاریخی اہمیت اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

کشمیر فریڈم فرنٹ اسٹریا کے چیئرمین پروفیسر ملک شوکت مسرت اعوان نے 5 اگست 2019 سے بھارتی قابض افواج کی طرف سے طاقت کے مسلسل استعمال اور نئی دہلی کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی۔ عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ IIOJK کے لوگوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف آواز اٹھائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے استعمال میں سہولت فراہم کرے۔

آسٹریا اور سلوواکیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے معزز اراکین نے بین الاقوامی سکالرز کے ساتھ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حوالے سے بین الاقوامی یکجہتی کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے خطاب کیا۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی طرف سے اجاگر کیے گئے انسانی حقوق کے سنگین خدشات کو دور کرے۔ انہوں نے IIOJK میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی ثابت قدم حمایت اور عزم کا اعادہ کیا۔ مزید مقررین نے اپنے خطاب میں یومِ سیاہ کشمیر کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم اور المناک دن ہے، جب بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں۔ پاکستان اس دن کو کشمیر پر بھارتی تسلط کے آغاز کے طور پر یاد کرتا ہے۔

تقریب میں شریک افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، امن، انصاف اور حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر سفارت خانے کی جانب سے مہمانوں کی روایتی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی، جبکہ شرکاء نے اس اہم قومی موقع پر کمیونٹی کو یکجا کرنے اور کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے سفارت خانہ پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔