یوم اقبال کی تقریب 2026 ، زیر اہتمام بزم ادب نیدرلینڈز
چوہدری الیاس کی رہائش گاہ پراجلاس منعقد ہوا، مشاورت کے بعد
جاوید عظیمی نے پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوزانٹرنیشنل … رپورٹ … مندوب خاص … عکاسی… رپورٹ… چاند ملک ) گزشتہ چار سالوں سے شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بزم ادب نیدرلینڈز کے زیر اہتمام یوم اقبال کی پر وقار تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ امسال مذکورہ تقریب بروز ہفتہ 28 نومبر 2026 کو شام ساڑھے چھ بجے پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹردی ہیگ میں منعقد ہوگی ۔ متذکرہ تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں چوہدری الیاس کی رہائش گاہ پر اجلاس منعقد ہوا ۔ میزبان کے پیارے نواسے اذان نے تلاوت قرآن سے اجلاس کا آغاز کیا ۔ جبکہ خادم بٹ، چوہدری محمد اصغر اور میاں مظفر حسین نے نعتیہ کلام پیش کیا ۔ چوہدری اصغر نے منعقدہ اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور اجلاس کی باضابطہ کا روائی کے لئے بزم ادب نیدر لینڈزکے سربراہ محمد جاوید عظیمی کو گفتگو کے لئے مدعو کیا۔ جاوید عظیمی نے شرکائے اجلاس کو اب تک ہونے والی پیش رفت اور بیرون ممالک برطانیہ سے معروف شاعر اور مصنف سہیل ضرار خلش جبکہ جرمنی کے مقبول شاعر سید حیدر نقوی کی آمد اور شرکت کے سلسلے میں آگاہی فراہم کی جبکہ شرکائے اجلاس سے باہمی مشاورت کے بعد پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ۔ اجلاس کے اختتام پر جاوید عظیمی نے ذکر جہر ، مراقبہ کروایا ۔ اجتماعی دعا میں میزبان اول چوہدری الیاس کی صحت و تندرستی، زندگی، کاروبار اور گھر میں خیر و برکت کے لئے بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات پیش کیں۔ قبل ازیں چوہدری الیاس نے شرکائے اجلاس کی تواضع مختلف انواع و اقسام کے پاکستانی کھانوں سے کی جس سے شر کا خوب لطف اندوز ہوئے ۔ مہمانوں کی خدمت میں کھانے پیش کرنے کے لئے میزبان کے صاحبزادوں وقار الیاس اور فرحان الیاس نے اپنی بھر پور خدمات پیش کیں ۔ آخر میں میزبان الیاس چوہدری نے مہمانوں کو الوداع کہتے ہوئے ویڈیو فلم بھی بنوائی ۔