یونان : (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء)سفارتخانہ پاکستان ایتھنز کے احاطے میں ’’معرکۂ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، طلبہ اور نوجوان نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان کے قومی ترانے کی دھن نے شرکاء کے دلوں میں حب الوطنی کے جذبات کو تازہ کر دیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان برائے یونان عامر آفتاب قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’معرکۂ حق‘‘ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جو قومی اتحاد، جرات، قربانی اور ثابت قدمی کی لازوال داستان سناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمیشہ اپنے وطن کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے متحد رہتے ہیں۔
تقریب میں پاکستانی طلبہ اور نوجوان نمائندوں نے بھی اظہارِ خیال کیا اور ’’معرکۂ حق‘‘ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن نئی نسل کے لیے حب الوطنی، عزم اور قربانی کا پیغام ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر ’’معرکۂ حق‘‘ کے تاریخی پس منظر، اہم واقعات اور ٹائم لائنز پر مشتمل ایک خصوصی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی، جس میں اس عظیم جدوجہد کے مختلف مراحل کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔ شرکاء نے ڈاکیومنٹری کو بے حد سراہا اور اسے معلوماتی اور متاثر کن قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس تقریب کو قومی جذبے، یکجہتی اور حب الوطنی کا مظہر قرار دیتے ہوئے سفارتخانے کی اس کاوش کو سراہا۔
![]()















