نعت رسول محتشم ﷺ
شاعرہ ۔۔۔۔۔ ناہید اختر بلوچ
چوما تھا خواب خواب جو ماتھا درود کا
مجھ کو عطاء کیا گیا تحفہ درود کا
کرتی رہوں میں حشر تلک ورد یا نبی ﷺ
ٹوٹے کبھی نہ سانس سے رشتہ درود کا
جو پوچھتے ہیں آپ تو اتنا کہوں گی میں
دنیا میں جو بھی کچھ ہے وہ صدقہ درود کا
بیٹھی ہوئی ہوں خود کو مقید کیے ہوئے
دل بن گیا ہے آج سے حجرہ درود کا
کھلنے لگی ہے لب پہ مرے نعت بالیقین
چوما ہے میں نے جب کوئی مصرع درود کا
اب کیا مجال غم کی مجھے دھوپ چھو سکے
سر پر جو تان رکھا ہے سایہ درود کا
اس میں کوئی نہ آ سکے گا آپ ﷺ کے سوا
ناہید دل پہ لگ گیا تالا درود کا
#ناہیداختربلوچ
![]()

