ڈھاکہ ٹیسٹ: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے دی، دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں ہوگا
پاکستان ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔۔۔ خصوصی مندوب ۔۔۔۔۔۔ طاہر لطیف )ڈھاکہ، 12 مئی 2026: بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شےربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، ڈھاکہ میں کھیلے گئے اس مقابلے میں میزبان ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو 5ویں روز قابو کر لیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو امید تھی کہ ٹیم میچ میں واپسی کرے گی، تاہم بنگلہ دیش کے بولرز نے نپی تلی اور مسلسل بولنگ کے ذریعے پاکستان کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ پاکستان کو آغاز ہی میں نقصان اٹھانا پڑا جب امام الحق پہلی ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔
ڈیبیو کرنے والے عبداللہ فضل نے ایک بار پھر متاثر کن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 113 گیندوں پر 66 رنز اسکور کیے، جن میں 11 چوکے شامل تھے۔ اس سے قبل انہوں نے پہلی اننگز میں بھی 60 رنز بنائے تھے۔ عبداللہ فضل پاکستان کے صرف چھٹے ٹیسٹ بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے ڈیبیو میچ کی دونوں اننگز میں 50 سے زائد رنز اسکور کیے۔
ازان اویس، جنہوں نے پہلی اننگز میں سنچری اسکور کی تھی، دوسری اننگز میں 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سلمان علی آغا نے 26 رنز کی مفید اننگز کھیل کر پاکستان کی امیدیں قائم رکھنے کی کوشش کی۔ اس وقت پاکستان 119 رنز پر 3 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ ہدف کے قریب دکھائی دے رہا تھا، مگر بعد میں بنگلہ دیشی بولرز نے میچ پر دوبارہ مکمل گرفت حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے نہید رانا سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے شان مسعود، سعود شکیل، محمد رضوان، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی کو پویلین بھیجا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ نہید رانا کا فیصلہ کن اسپیل تھا جس نے پاکستان کی مزاحمت توڑ دی۔
پاکستان کی پوری ٹیم 52.5 اوورز میں 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں بنگلہ دیش نے 104 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 152 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی اور 70.3 اوورز میں 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کی۔ کپتان نجم الحسن شانتو نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلی اننگز میں بھی شانتو نے 101 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی اور نعمان علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ نعمان علی نے میچ میں ایک اہم سنگِ میل بھی عبور کیا اور 70ویں اوور میں مہدی حسن مرزا کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔ وہ 22 ٹیسٹ میچوں میں 100 وکٹیں لینے والے پاکستان کے تیز ترین تیسرے اسپنر بن گئے ہیں۔
مختصر اسکور:
بنگلہ دیش 413 (نجم الحسن شانتو 101، مومن الحق 91، مشفیق الرحیم 71؛ محمد عباس 5-92، شاہین شاہ آفریدی 3-113)
اور 240-9 ڈیکلیئر، 70.3 اوورز (نجم الحسن شانتو 87، مومن الحسن 56؛ حسن علی 3-52، نعمان علی 3-76، شاہین شاہ آفریدی 2-54)
پاکستان 386 (ازان اویس 103، عبداللہ فضل 60، محمد رضوان 59، سلمان آغا 58؛ مہدی حسن مرزا 5-102)
اور 163 آل آؤٹ، 52.5 اوورز (عبداللہ فضل 66، سلمان علی آغا 26؛ نہید رانا 5-40، تیج الاسلام 2-22، تسکین احمد 2-40)
پلیئر آف دی میچ: نجم الحسن شانتو (بنگلہ دیش)
دوسرا ٹیسٹ: 16 سے 20 مئی، سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، سلہٹ
![]()

