چین کی ترقی اور تبدیلی ترقی پذیر ممالک کیلئے باعثِ تحریک اور قابل تقلید ہے: وزیراعظم
پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سی پیک نے ملک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے تحفظ اور صنعتی تعاون میں کردار ادا کیا ہے۔
شہبازشریف نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر پیغام دیتے ہوئےکہا کہ پاکستان، چین کے سفارتی تعلقات پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، چین کی ترقی اور تبدیلی ترقی پذیر ممالک کیلئے باعثِ تحریک اور قابل تقلید ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات اور مثالی دوستی ایک مضبوط “ہرموسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری” میں تبدیل ہوچکی ہے، بدلتے ہوئےعلاقائی اور عالمی حالات کے باوجود یہ دوستی مسلسل مضبوط، مؤثر اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہوتی گئی ہے۔
سی پیک فیز 2 کا آغاز ہوچکا، وزیراعظم 23 سے 26 مئی تک چین کا دورہ کریں گے: اسحاق ڈار
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، چین کے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت اور مختلف شعبہ جات میں چین کے تعاون کو بےحد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان “ایک چین” کے اصول پر اپنے غیرمتزلزل سفارتی مؤقف کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور قومی ترجیحات میں چین کی مضبوط معاونت نے غیرمعمولی کردار ادا کیا۔
شہباز شریف کے مطابق سی پیک نےپاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے تحفظ،صنعتی تعاون میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے، دنیا میں پاکستان اور چین کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی اور جامع ترقی کے اصولوں پر کاربند ہیں، اللہ کرے کہ پاکستان اورچین کی لازوال دوستی ہر آنے والی نسل کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی چلی جائے۔
![]()

