Daily Roshni News

امریکی میڈیا کا ایرانی صدر کے مستعفی ہونے کا دعویٰ، پاسداران انقلاب نے تردید کردی

امریکی میڈیا کا ایرانی صدر کے مستعفی ہونے کا دعویٰ، پاسداران انقلاب نے تردید کردی

انٹرنیشنل (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے مبینہ طور پر اپنے اختیارات محدود ہونے کے باعث استعفیٰ دینے کی درخواست کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مسعود پزشکیان نے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے دفتر کو بتایا کہ انہیں اہم فیصلوں کے عمل سے باہر رکھا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے ادا نہیں کر پا رہے۔

بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کی طاقتور پاسداران انقلاب گارڈز اور دیگر سخت گیر حلقوں کا اثر و رسوخ بڑھنے سے منتخب حکومت کا کردار کمزور ہوگیا ہے، جس کے باعث صدر اور ان کی کابینہ بڑے فیصلوں سے الگ ہوگئے ہیں۔

تاہم ایرانی حکام نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے، صدارتی دفتر کے عہدیداروں اور پاسداران انقلاب گارڈز سے وابستہ ذرائع نے کہا ہے کہ صدر نے ناتو استعفیٰ دیا ہے اور نا ہی انہوں نے ایسی کوئی درخواست کی ہے، صدر مسعود پزشکیان بدستور اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

یہ خبریں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور ایران کے اندر مختلف سیاسی دھڑوں کے درمیان اختلافات کی اطلاعات بھی زیر گردش ہیں۔

تاہم ایرانی حکومت کی جانب سے صدر مسعود پزشکیان کے استعفے کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔

Loading