پاکستان بزنس فورم فرانس اور پاکستان بزنس فورم یورپ کی سالانہ تقریبات کے حوالے سے پریس بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔
پیرس فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک) پاکستان بزنس فورم فرانس کی پانچویں سالگرہ اور پاکستان بزنس فورم یورپ کی پہلی سالانہ تقریبات کے سلسلے میں 13 اور 14 جون کو فرانس میں منعقد ہونے والے اہم پروگراموں کے حوالے سے پیرس میں پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں پاکستان بزنس فورم فرانس کے نئے دفتر میں ایک خصوصی پریس بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔
پریس بریفنگ میں پاکستان بزنس فورم کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی اور صحافی برادری کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر پاکستان بزنس فورم فرانس کے بانی صدر حاجی محمد اسلم چوہدری نے فورم کی پانچ سالہ کامیاب سرگرمیوں اور آنے والی تقریبات کے اہم نکات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ فورم نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران فرانس میں پاکستانی کاروباری برادری کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
جنرل سیکریٹری یاسر خان نے فورم کی پانچ سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے مختلف کامیابیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس کے نئے دفتر کے دروازے کمیونٹی کے تمام افراد کے لیے کھلے ہیں۔
پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے تقریبات کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فورم کی بنیادی کوشش فرانس اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
چیف کوآرڈینیٹر یورپ صاحبزادہ عتیق نے کہا کہ یہ یورپ بھر میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کا اپنی نوعیت کا پہلا اور سب سے بڑا ایونٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل یورپی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری کے لیے اس پیمانے کا کوئی پروگرام منعقد نہیں کیا گیا۔
سرپرستِ اعلیٰ یورپ محمد ابراہیم ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم ستون ہیں اور دو ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ میں میڈیا کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فرانس میں مقیم پاکستانی صحافی مستقبل میں بھی پاکستان بزنس فورم فرانس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
فنانس سیکریٹری عمران بٹ نے پانچ سالہ تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے شرکاء میٹنگ کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان بزنس فورم فرانس کے نئے دفتر کے قیام اور اس کی تزئین و آرائش میں نمایاں کردار ادا کرنے پر لیگل سیکریٹری و آرگنائزر سلمان اسلم چوہدری کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ عہدیداران اور صحافیوں نے ان کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے خصوصی مبارکباد دی۔
پریس بریفنگ کے اختتام پر سینئر صحافی ملک منیر کو وزیراعظم آزاد کشمیر کا میڈیا ایڈوائزر برائے یورپ مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ پاکستان بزنس فورم کی جانب سے ان کے اعزاز میں کیک کاٹا گیا جبکہ تمام مہمانوں اور صحافیوں کے لیے پرتکلف عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس اور پاکستان بزنس فورم یورپ کی یہ تقریبات نہ صرف پاکستانی کاروباری برادری کو مزید مضبوط کریں گی بلکہ پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی، سماجی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
![]()







