اللہ تعالٰی کے نام پر دینے سے کمی نہیں آتی، مسجد غوثیہ
ایمسٹرڈیم کے خادم اعلیٰ ملک مسعود الرحمنٰ کلیامی کی
روشنی نیوز کے چیف ایڈیٹر جاوید عظیمی سے ٹیلیفونک گفتگو۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔خصوصی مندوب) جامع مسجد غوثیہ ایمسٹرڈیم میں بارہ روزہ میلاد النبیﷺ کی پر وقار تقریبات کے کامیاب انعقاد کے اختتام پر مذکورہ مسجد کے خادم اعلیٰ ملک مسعود الرحمنٰ کلیامی نے اخبار روشنی نیوز انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی سے بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارہ روز میلاد شریف کی محافل میں عشاقان رسولﷺ نے بھر پور شرکت کر کے آپﷺ سے اپنی محبتوں اور عقیدت کا اظہار کیا۔ متذکرہ پُروقار تقریبات کے دوران اسپین سے تشریف لائے ہوئے مہمان معروف مقرر علامہ سید عرفان علی شاہ بخاری نے اپنے علمی، فکری اور محبت بھرے خطاب سے عشاقان رسول کے قلوب و اذبان کو منور کیا۔ جبکہ پاکستان سے تشریف لائے ہوئےکے عالمی شہرت یافتہ ثناء خوان رسول ﷺناصر الطاف سہروردی نے اپنی دلنشین آواز سے محبان رسولﷺ کے قلوب کو محبت رسول کی روشنی سے روشن کرنے کی سعادت حاصل کی۔ ملک مسعود الرحمن نے ایک موقعہ پر کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نام پر دینے سے کبھی بھی کمی نہیں آتی، اس ضمن میں انھوں نے تازہ واقعہ بیان کیا۔ نعت خوانی کے اختتام پر نعت خواں ناصر الطاف سہروردی نے مذکورہ مسجد کے لئے سو یورو اور گیارہویں شریف کے لئے پچاس یورو نذرانہ پیش کیا تو اس کے بدلے میں بلجیم میں منعقدہ مرکزی محفل میلاد میں اس نعت خواں کو قرعہ اندازی میں الله تعالٰی نے عمرے کا ٹکٹ عطا کر دیا۔
اس لئے اللہ تعالٰی کی راہ میں خلوص نیت سے مال و دولت دیا کریں۔اللہ تعالیٰ آپ کے رزق میں اضافہ کریں گے۔
جاوید عظیمی نے ملک مسعود الرحمن کلیامی کو بارہ روزہ محافل میلاد کے کامیاب انعقاد پر صمیم قلب سے مبارکباد اور دعائیہ کلمات پیش کئے۔ ملک مسعود نے بھی جواباً اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا ۔
![]()

