روزنامہ کسوٹی کے اشتہارات کی بندش ،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نوٹس لیں، اباسین کالم رائٹرز
پاکستان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ پریس ریلیز)ممتاز کالم نگار، محقق، مصنف اور سماجی و کاروباری شخصیت، صدر اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ)،(ایکوا)ضیا ء الحق سرحدی، ستارہ امتیاز کی زیرِ صدارت اجلاس میں روزنامہ کسوٹی کے اشتہارات کی دو ماہ سے زائد عرصے سے جاری بندش پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں سینئر نائب صدر نیئر سرحدی، جنرل سیکرٹری عابد اختر حسن، سیکرٹری فنانس وسیم شاہد، نائب صدر ڈاکٹر عالگیر آفریدی، اورنگ زیب غزنوی، آرگنائزر منور شاہ منور سمیت دیگر عہدیداران و اراکین شریک ہوئے۔
شرکا نے کہا کہ اشتہارات کی مسلسل بندش نے روزنامہ کسوٹی سے وابستہ صحافیوں اور کارکنوں کے روزگار کو غیر یقینی سے دوچار کردیا ہے، جبکہ ان ملازمین کے خاندان بھی اس صورتحال سے متاثر ہورہے ہیں۔ حکومت کی خاموشی اس وقت مزید تشویشناک محسوس ہوتی ہے جب ایک طرف صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کے دعوے کیے جائیں اور دوسری طرف ایک میڈیا ادارے کے کارکن معاشی مشکلات میں مبتلا ہوں۔ روزنامہ کسوٹی کے ساتھ درجنوں صحافی اور دیگر ورکرز کے خاندان جڑے ہیں، اشتہارات کی بندش ان کے اہلخانہ کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے
ایکوا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی، وزیرِ اطلاعات شفیع جان اور محکمہ اطلاعات سے مطالبہ کیا کہ روزنامہ کسوٹی کے اشتہارات کی بندش کی وجوہات فوری طور پر واضح کی جائیں۔ اگر کوئی قانونی یا انتظامی رکاوٹ موجود ہے تو اسے سامنے لایا جائے، بصورتِ دیگر اشتہارات کی بحالی اور متاثرہ ملازمین کے روزگار کے تحفظ کے لیے فوری اقدام کیا جائے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ حکومتیں صرف بڑے اعلانات سے نہیں بلکہ مشکل وقت میں کمزور طبقات اور محنت کشوں کے ساتھ کھڑے ہونے سے اپنی ذمہ داری پوری کرتی ہیں۔ قلم کے مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے سے پہلے صوبائی حکومت کو اس معاملے کا عملی حل تلاش کرنا ہوگا۔
اجلاس میں پشاور پریس کلب اور خیبریونین آف جرنلسٹس کے ذمہ داران سے بھی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ پشاور پریس کلب اور خیبریونین آف جرنلسٹس کو اس ضمن میں اپنا کردارادا کرنا چاہئے، صحافیوں کی نمائندہ تنظیم صحافیوں کے حق میں آواز بلند کرے اور وزیراعلیٰ کیساتھ بیٹھ کر معاملہ حل کیا جائے۔
ایکوا نے واضح کیا کہ روزنامہ کسوٹی کے کارکنوں کے معاشی تحفظ کا معاملہ مزید تاخیر کا متحمل نہیں، وزیراعلی اور محکمہ اطلاعات فوری مداخلت کرکے اس مسئلے کو حل کریں۔
جاری کردہ:
اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) ایکوا
پشاور
![]()

