وزیر خزانہ کی سربراہ آئی ایم ایف سے ملاقات، معاشی اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھنے پر زور
پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں استحکام اور اقتصادی جائزہ مکمل ہونے کے بعد سٹاف لیول معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ملاقات بنکاک میں آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور اقتصادی اہداف پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف حکام کو ملکی معیشت کی تازہ صورتحال اور مقررہ اہداف کے حصول کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔
ملاقات کے دوران آئی ایم ایف کی سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کیلئے قرض پروگرام کی شرائط پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائے، انہوں نے بجٹ میں مقرر کردہ محصولات کے اہداف حاصل کرنے اور معاشی اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو زرمبادلہ کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے اور محصولات میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا پیغام دیا گیا۔
ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ رواں مالی سال کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو 15 ہزار 264 ارب روپے کے محصولات کا ہدف حاصل کرنا ہوگا اور اس ضمن میں ریونیو شارٹ فال کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف حکام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت طے شدہ اقتصادی اہداف کے حصول، محصولات میں اضافے اور قرض پروگرام کی شرائط پر عملدرآمد کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔