منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام 46ویں یومِ تاسیس کی پروقار تقریب، غلام مرتضیٰ قادری کی خصوصی شرکت
*قرآن و سنت، عشقِ رسول ﷺ، امن و محبت اور خدمتِ انسانیت منہاج القرآن کا بنیادی پیغام ہے، رانا مدثر مصطفیٰ*
*ایتھنز:یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء ) منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام مرکزی منہاج اسلامک سنٹر ایتھنز میں تحریک منہاج القرآن کے 46ویں یومِ تاسیس کے سلسلے میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں یونان کی سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری، ادبی اور صحافتی شخصیات سمیت تحریک کے رفقا، کارکنان، وابستگان اور محبان نے شرکت کی۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن یونان کے بانی و امیر غلام مرتضیٰ قادری نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری مطیع اللہ نے حاصل کی۔ بعدازاں منہاج نعت کونسل کے اراکین نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جبکہ راجہ احتشام نے خصوصی کلام پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مدثر مصطفیٰ نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی عالمگیر خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ایک تجدیدی، علمی اور دعوتی تحریک ہے، جو قرآن و سنت کی تعلیمات، عشقِ رسول ﷺ، علم و شعور، امن و محبت اور خدمتِ انسانیت کے مصطفوی مشن کو فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک کا مقصد انسانوں کو اللہ تعالیٰ اور رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات سے جوڑنا اور ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں محبت، رواداری، اخوت اور خدمتِ انسانیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔
تقریب کے اختتام پر یومِ تاسیس کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ جنرل سیکرٹری تحریک منہاج القرآن یونان چوہدری شہزاد یوسف نے معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تمام رفقا، کارکنان، وابستگان اور محبان کو یومِ تاسیس کی مبارکباد پیش کی۔