پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )پاکستان اور مالدیپ نے تجارتی حجم دو سال میں 13 ملین ڈالر سے بڑھا 200 ملین ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان اورمالدیپ کےدرمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کےتبادلے کی تقریب ہوئی،تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 11 سال بعد مالدیپ کے کسی صدر کا دورۂ پاکستان اہمیت کا حامل ہے،صدرمالدیپ کے ساتھ تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی، جس میں اقتصادی تعاون، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نےکہاکہ دونوں ممالک تجارتی حجم میں اضافے کے لیےکوششیں تیز کریں گے،پاکستان مالدیپ کوانفارمیشن ٹیکنالوجی کےشعبےمیں تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا،مالدیپ کےطلبہ کی بڑی تعداد پاکستانی تعلیمی اداروں میں زیرِتعلیم ہے،پاکستانی ڈاکٹرز اورمعاون طبی عملہ مالدیپ میں انسانیت کی خدمت کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے مفاہمتی یادداشتوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
مالدیپ کے صدر نےکہا کہ پاکستان، مالدیپ بزنس فورم سے تجارت اوراقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونگے،پاکستان کی قیادت کےساتھ ملاقاتوں میں تعلیم،صحت، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مالدیپ کےصدرکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت وفود کے تبادلوں میں اضافہ کریں گے،مصنوعی ذہانت،ڈیجیٹائزیشن اورجدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نےکہاکہ پاکستان کی جانب سے فنی معاونت کے پروگرام کےتحت تعاون بڑھایا جائے گا،ماحولیاتی تبدیلیاں دونوں ممالک کی سلامتی کے لیےخطرہ ہیں،اس لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دینا ہو گی۔
مالدیپ کے صدر نے اس عزم کا اظہارکیا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
اس سے قبل دورہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا وزیر اعظم ہائوس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آرنر پیش کیا گیا۔
پاکستان کےدورےپر آئے ہوئے مالدیپ کےصدرڈاکٹرمحمد معیزو کےاعزازمیں باضابطہ استقبالیہ تقریب وزیر اعظم ہاوس میں منعقد ہوئی۔وزیراعظم ہائوس آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا،دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
اس موقع پردونوں ملکوں کے قومی ترانےبجائےگئے،تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مالدیپ کے صدرکوسلامی دی اورگارڈ آف آنرپیش کیا،سلامی کے چبوترے پر مالدیپ کے صدر کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔مالدیپ کے صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نےکابینہ کےارکان اور وزیراعظم ہاوس کے اعلی حکام کا مالدیپ کے صدر کے ساتھ تعارف کرایا،مالدیپ کےصدر نےاس موقع پر اپنے وفدکا وزیراعظم سے تعارف کرایا،مالدیپ کےصدر نے وزیر اعظم ہائوس کےسبزہ زارمیں پودا لگایا،اس موقع پر دونوں ملکوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔