*استنبول میں دیسی پاکستانی ذائقوں میں ایک اور مزیدار اضافہ، یلماز حافظ ریسٹورنٹ کا افتتاح*
استنبول، ترکیے (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ نمائندہ خصوصی سید رضوان حیدر بخاری) دو بر اعظموں میں واقع دنیا کے واحد شہر استنبول میں پاکستانی یا دیسی کھانوں کی بہت زیادہ آپشنز دستیاب نہیں ہیں، اسی لئیے جب بھی کوئی نیا پاکستانی ریسٹورنٹ یہاں بنتا ہے تو یہاں پر مقیم پاکستانی کمیونٹی اسے خوب سراہتی ہے۔۔ گزشتہ شب استنبول کے دل تقسیم کے مشہور و معروف علاقے میں ایک نئے پاکستانی ریسٹورنٹ کا افتتاح ہوا جس میں پاکستان قونصل خانہ کے اراکین، پاکستانی کمیونٹی، طلباء اور ترک لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔۔
"یلماز حافظ سفراسی” کے نام سے یہ ریسٹورنٹ پاکستانی اور ترک نے مل کر بنایا ہے، جس میں روایتی پاکستانی دیسی کھانوں کے ساتھ ساتھ عربی کھانے اور فاسٹ فوڈ کی آپشنز بھی دستیاب ہوں گی۔۔
ترکیے اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز سمجھے جانے والے تقسیم سکوائر میں اس ریسٹورنٹ کا قیام پاکستانی کھانوں اور ثقافت کو متعارف کرانے کی ایک کوشش ہے۔ مختلف پاکستانی پکوانوں کے ذریعے مہمانوں کو ان ذائقوں، خوشبوؤں اور کھانا پکانے کی روایات سے روشناس کرانا مقصود ہے جو پاکستان کی ثقافتی پہچان کا اہم حصہ ہیں۔
ریسٹورنٹ میں پیش کیے جانے والے کھانوں میں پاکستانی بریانی کو ترک مہمانوں کی جانب سے خصوصی پذیرائی ملی۔ مہمانوں نے خوشبودار چاولوں اور مصالحوں کے امتزاج کو بے حد پسند کیا اور پاکستانی بریانی کے ذائقے کو سراہا۔ ترک شہریوں کا یہ پُرجوش ردِعمل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کھانا مختلف ثقافتوں کے درمیان قربت پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔
ریسٹورنٹ کے مالک حافظ اسد کا کہنا تھا کہ اس ریسٹورنٹ کے قیام کا مقصد صرف پاکستانی کھانے پیش کرنا ہی نہیں، بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔ پاکستانی پکوانوں اور مہمان نوازی کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانا، ثقافتی تبادلے کو بڑھانا اور باہمی محبت و احترام کو فروغ دینا اس کا بنیادی پیغام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ریسٹورنٹ میں وہ استنبول میں بڑی تعداد میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کے لئے خصوصی ماہانہ پیکجز بھی متعارف کروائیں گے تا کہ طلباء کم خرچ میں معیاری پاکستانی کھانوں کا مزا لے سکیں۔۔
پاکستان اور ترکیے کی دوستی باہمی محبت اور یکجہتی سے عبارت ہے۔ ایسے اقدامات اس دوستی کو عوامی سطح پر آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں، جہاں ایک دسترخوان پر بیٹھ کر لوگ ایک دوسرے کی روایات سے واقف ہو سکتے ہیں اور نئے تعلقات قائم کر سکتے ہیں۔
استنبول میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یلماز حافظ ریسٹورنٹ مانوس ذائقوں اور گھر کی یاد تازہ کرنے کی کوشش ہے، جبکہ ترک شہریوں اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے یہ شہر کے مرکزی علاقے میں پاکستان کی کھانوں کی روایت کو جاننے اور اس سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔