وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ریاست، مسلح افواج اور شہداء کے معاملے پرکوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے جو متنازع باتیں کی ہیں، اُنہیں واپس لینا ہوں گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرمملکت طلال چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے کسی کی ذاتی لڑائی نہیں، ہم ریاست، مسلح افواج اور شہداء کے ساتھ ہیں۔ سیاست کا معیار اتنا نہیں گرانا چاہیے کہ شہادتوں کومتنازع بنا دیں۔ شہادت کو زیر بحث لاکر سیاست کریں تو مطلب سیاست تو ختم ہوگئی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ وزیر داخلہ نے ابھی بہت تھوڑا بولا ہے، مزید بہت کچھ بولنا چاہتے ہیں، وزیر داخلہ موقع کی مناسبت سے اور بہت کچھ بھی کہیں گے، مولانا کے پارٹی کے لوگوں سے وضاحتیں آرہی ہیں ، مولانا فضل الرحمان خود وضاحت دیں گے تو بات کہیں ٹھہر سکتی ہے۔
وزیرمملکت داخلہ نے کہا کہ دہشتگرد کو دہشتگرد کہنا پڑے گا دہشتگردوں کی مذمت اوران کیخلاف کارروائیوں میں انہیں ہمارے ساتھ کھڑا ہونا پڑےگا، ہماری صرف یہی شرط ہے کہ دہشتگرد کو دہشتگرد کہا جائے۔