-
ڈھاکا: (ویب ڈیسک) ساف چیمپئن شپ 2026 میں بھارت نے مالدیپ کو ایک صفر سے شکست دے کر پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی یقینی بنا دی۔
گروپ بی میں پاکستان تین پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ بھارت چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔
ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے سہیل احمد بھٹ نے 38ویں منٹ میں پنالٹی پر فیصلہ کن گول کیا۔ مالدیپ کے کھلاڑی کی جانب سے عبدالرابیہ کو باکس میں فاؤل کیے جانے پر بھارت کو پنالٹی ملی۔
مالدیپ کو گروپ کے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم کوئی گول نہ کرسکی جبکہ اس کے خلاف چار گول ہوئے۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز بھارت کے ہاتھوں 3-2 کی شکست سے کیا تھا، تاہم دوسرے میچ میں مالدیپ کو 3-0 سے ہرا کر کم بیک کیا۔ اس مقابلے میں 19 سالہ اسٹرائیکر نجیب اللہ خان نے پہلے ہاف میں دو گول اسکور کیے تھے۔
پاکستان نے گروپ مرحلے میں مجموعی طور پر پانچ گول کیے جبکہ تین گول کھائے، اس طرح اس کا گول فرق پلس دو رہا۔
پاکستان اب 14 نومبر بروز ہفتہ سیمی فائنل میں گروپ اے کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔
گروپ اے میں میزبان بنگلہ دیش نے بھوٹان کو ایک صفر سے شکست دی تھی، جبکہ سری لنکا اور بھوٹان کا مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا، جس کے بعد بنگلہ دیش نے بھی سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
بنگلہ دیش آج سری لنکا کے خلاف گروپ کا آخری میچ کھیلے گا۔ بنگلہ دیش کی کامیابی یا میچ ڈرا ہونے کی صورت میں وہ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے پاکستان کے مدمقابل آئے گا، جبکہ سری لنکا کی فتح اسے گروپ میں ٹاپ پوزیشن دلا دے گی اور پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔
دوسری جانب گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والا بھارت دوسرے سیمی فائنل میں گروپ اے کی رنر اپ ٹیم سے کھیلے گا، جبکہ ایونٹ کا فائنل 17 نومبر کو ہوگا۔




