(سنن الدارمي : الْمُقَدِّمَةُ : بَابٌ التَّوْبِيخُ لِمَنْ يَطْلُبُ الْعِلْمَ لِغَيْرِ اللَّهِ : رقم الحديث 382 )
احرص بن حکیم اپنے والد ( حکیم ) سے روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے شر کے بارے میں سوال کیا ؟ تو آپ نے فرمایا : مجھ سے شر کے بارے میں سوال مت کرو ، بلکہ خیر کے بارے میں سوال کرو ، یہ بات آپ تین بار دوہراتے رہے ، پھر آپ نے فرمایا : خبردار ، بیشک شر میں سے بدترین شر علما ء کا شر ہے ، اور بیشک خیر میں سے بہترین خیر علماء کا خیر ہے ۔
دراصل، اس وقت میں ایک کتاب کا مطالعہ کر رہا تھا کہ اس میں صوفی بزرگ ایوب سختیانی کا ایک نہایت غور طلب قول ان الفاظ میں پڑھنے کو ملا:
ما مات العلم إلا القُصّاص
علم کو قصہ گو واعظوں ہی نے موت کے گھاٹ اتارا ہے۔
یہ قول محض چند الفاظ پر مشتمل ایک عام بات نہیں، بلکہ اپنے اندر ایک گہرا علمی اور فکری پیغام رکھتا ہے۔ ذرا غور کیجیے کہ آج جس طرح ہماری مساجد کے منبر و محراب پر قصہ گو واعظین اور سوشل میڈیا پر مناظرانہ طرزِ فکر کے حامل افراد قرآن و حدیث کو مذاق بنا رہے ہیں، اور ہر ایک اپنی انفرادی برتری ثابت کرنے اور اپنے مفادات کی تکمیل میں مصروف دکھائی دیتا ہے، وہ صورتِ حال کسی لمحۂ فکریہ سے کم نہیں۔ افسوس کہ اس پورے منظرنامے کو سوشل میڈیا کے ذریعے مسلم و غیر مسلم، سب دیکھ رہے ہیں اور ہمارے اس طرزِ عمل پر ہنس رہے ہیں۔
اسلام کسی انسانی ذہن کی اختراع کردہ فکر یا نظریے کا نام نہیں، اور نہ ہی یہ خشک فلسفیانہ مباحث کا مجموعہ ہے، بلکہ یہ پوری انسانیت کے لیے ایک دعوت، ایک پیغام اور ایک مکمل نظریۂ حیات ہے، جس کی بنیاد کائنات کے خالق و مالک کے کلام پر ہے۔ اسلام ایک ایسا دین ہے جس کی تعلیمات سمجھنے میں آسان ہیں اور جس کے احکام و ہدایات فطرتِ انسانی کے عین مطابق ہیں۔
لیکن افسوس کہ ہمارے ہاں بہت سے نام نہاد قصہ گو واعظین من گھڑت روایات و آثار، بے بنیاد حکایات اور خرافات پر مشتمل واقعات ہی کو دین کی اصل تعلیمات سمجھ بیٹھے ہیں۔ لوگوں کے جذبات سے کھیلنے، ان کے دل بہلانے اور انہیں قصے کہانیاں سنا کر محظوظ کرنے کے لیے ہر وقت اپنے فنِ خطابت کا زور صرف کرتے رہتے ہیں۔ دوسری طرف مناظرانہ مزاج رکھنے والے بعض افراد بھی علمی تحقیق اور سنجیدہ مکالمے کے بجائے اپنی شعبدہ بازی اور لفظی کرتب دکھانے میں مصروف ہیں۔
یہ طرزِ عمل نہ صرف علمِ دین کی حقیقی روح کے منافی ہے، بلکہ اس سے قرآن و حدیث کی سنجیدہ تعلیمات بھی پس منظر میں چلی جاتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دین کو قصے کہانیوں، مناظرانہ کرتبوں اور شخصی برتری کی نمائش سے نکال کر قرآن وحدیث کی اصل تعلیمات کی روشنی میں سمجھنے اور پیش کرنے کی کوشش کی جائے۔
اسی طرح بہت سے واعظین اپنی علمی کم مائیگی اور لاعلمی کے باعث قرآن کو من مانی تاویلات کا چیستان بنا دیتے ہیں۔ تفسیرِ قرآن کے نام پر ایسی بے سروپا باتیں بیان کرتے ہیں اور منبر پر ایسی حرکات کا ارتکاب کرتے ہیں کہ بسا اوقات مسجد کے تقدس تک کو پامال کر بیٹھتے ہیں۔
اگرچہ قرآن و حدیث کی صورت میں علمِ نبوت ہمارے درمیان موجود ہے، جو صبحِ قیامت تک زندہ اور محفوظ رہنے والا ہے، لیکن المیہ یہ ہے کہ ہم اس حقیقی علم کو پسِ پشت ڈال کر غیر مستند اور من گھڑت روایات و حکایات کو بار بار دہراتے ہیں اور اسی کو علمِ دین سمجھ بیٹھتے ہیں۔ نتیجتاً لوگوں کو قرآن و حدیث کی حقیقی تعلیمات اور ان کی اصل روشنی سے محروم رکھتے ہیں۔ ایوب سختیانی کے مذکورہ قول کا مدعا بھی یہی ہے کہ ہم نے اپنے طرزِ عمل سے حقیقی علم کو گویا بے جان اور غیر مؤثر بنا دیا ہے۔ نہ خود اس علم کو پڑھنے، سمجھنے اور حاصل کرنے کی سنجیدہ کوشش کرتے ہیں اور نہ ہی دوسروں تک اس کی حقیقی روشنی پہنچانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
علامہ اقبال نے بھی اپنی شہرۂ آفاق کتاب ضربِ کلیم میں ملائے حرم کو مخاطب کرتے ہوئے اسی صورتِ حال پر نہایت فکر انگیز اشعار کہے ہیں:
عجب نہیں کہ خدا تک تری رسائی ہو
تری نگہ سے ہے پوشیدہ آدمی کا مقام
تری نماز میں باقی جلال ہے ، نہ جمال
تری اذاں میں نہیں ہے مری سحر کا پیام