ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ شباب کی باتیں۔۔۔تمہارے خط میں نیا ایک سلام کس کا تھا؟۔۔۔ تحریر۔۔۔مشتاق شباب)خط لکھیں گے گرچہ مطلب کچھ نہ ہو، گزشتہ روز سے ایسا ہی ایک خط زیر بحث۔ جس پر تجزیہ کار مختلف رائے ظاہر کرتے ہوئے، ماسوائے ایک خاص سیاسی حلقے کے، یہی کہہ رہے ہیں کہ نتیجہ اس کا بھی کچھ نہیں نکلنا۔ جبکہ متعلقہ سیاسی حلقے والے زمین و آسمان کے قلابے ملا کر اس پر بغلیں بجا رہے ہیں، تاہم سیاسی ماہرین اس خط کے آئینی اور قانونی اثرات کو اہمیت دینے کے حوالے سے کوئی مثبت اشارے دینے کے حوالے سے بالکل "خاموش” ہیں۔ یہاں لفظ خاموش کے جو بھی معنی آپ چاہیں نکال سکتے ہیں، مگر فرق اس سے تو پڑتا نہیں، والی کیفیت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور وہ جو مرزا غالب نے کہا تھا کہ
*قاصد کے آتے آتے خط اک اور لکھ رکھوں*
*میں جانتا ہوں جو وہ لکھیں گے جواب میں*
تازہ معاملے میں البتہ ایک تو خط لکھنے والا ہے، جس نے "کسی” کے کہنے پر ایک نئی آئینی، قانونی بحث چھیڑنے کی کوشش کی ہے اور خط میں تین نکات کو اجاگر کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ اگر "موصوف” کی باتوں پر سنجیدہ توجہ نہیں دی گئی تو (خدانخواستہ) اسے برین ہیمرج کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ دوسرا یہ کہ اسے (اللہ نہ کرے) ہارٹ اٹیک ہو سکتا ہے اور تیسرا یہ کہ اس کا بلڈ پریشر ہائی ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے مبینہ دعوؤں کے مطابق یہ پہلے ہی 193 ہو چکا ہے۔ اگرچہ یہاں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ جو 193 کا ہندسہ ہے یہ فاسٹنگ (نہار منہ) ہے یا رینڈم (کچھ کھانے پینے کے بعد)؟ اگر رینڈم ہے تو قابل توجہ ضرور ہے مگر قابل تشویش نہیں اور اگر فاسٹنگ (نہار منہ) ہے تو پھر انتہائی تشویشناک ہے, مگر اسے کیا کیا جائے کہ موصوف کے ایک اور قانونی مشیر جو سابقہ گورنر بھی رہ چکے ہیں, انہوں نے "موصوف” سے ملاقات کے بعد جو بیان دیا ہے وہ کچھ اور کہانی سنا رہا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ "موصوف” کی آنکھوں میں چمک تھی اور حوصلے بلند تھے، یہی وجہ ہے کہ اس خط کو جس "طوفان” کا پیش خیمہ قرار دیا جا رہا تھا، اس کو چائے کی پیالی میں طوفان سے زیادہ کی اہمیت حاصل نہ ہو سکی۔ اسی وجہ سے کچھ تجزیہ کار اپنے ویلاگز میں "موصوف کے ٹوٹ جانے” اور اس مکتوب کو "ڈیل” کے لیئے پیشرفت قرار دے رہے ہیں، تاہم حتمی نتائج کے سامنے انے تک کسی بھی رائے کو مثبت نہ ہی منفی قرار دیا جا سکتا ہے، یعنی بقول شاعر
*ہائے لوگوں کی کرم فرمائیاں*
*تہمتیں ، بدنامیاں، رسوائیاں*
بات خطوط سے چلی تھی، ویسے تو خطوط نویسی کا سلسلہ دنیا بھر کے ادب اور سیاست میں کوئی نیا نہیں ہے تاہم اگر اس موقع پر ہم اسے اپنے معاشرے اور خطے تک محدود رکھ کر اس پر بات کریں تو بہتر ہوگا۔ کیونکہ کالم کی تنگ دامانی زیادہ پھیلاؤ کی اجازت نہیں دیتی۔ اردو ادب میں "خطوط غالب” کی ایک خاص اہمیت ہے اور مرزا غالب نے خطوط نویسی کو ایک نئی جہت سے آشنا کر کے ادب میں ایک خاص طرز تحریر کو ایجاد کیا۔ اسی طرح قاضی عبدالغفار کے خطوط "مجنوں کی ڈائری” اور "لیلیٰ کے خطوط” نے بھی ادب کو ایک نئی صنف سے متعارف کرایا. چند سال پہلے دنیا سے رخصت ہونے والے ایک نابغہء روزگار اور صاحب طرز ادیب، جن کو ادبی دنیا مرزا ادیب کے نام سے جانتی ہے، انہوں نے بھی صحرانورد کے خطوط کے نام سے جو کتاب لکھی اس کتاب نے بھی اردو ادب کو نئے رجحان سے آشنا کیا۔ ایک نئے طرز احساس کو جنم دیا جبکہ دوسری کتاب اسی سیریز کی "صحرانورد کے رومان” نام کی تھی ان کے علاوہ بھی مرزادیب کی دوسری کتابیں موجود ہیں مگر بات خصوط نویسی یا پھر خطوط کے طرز پر تحریروں کی ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے ایک لاجواب کتاب صفیہ اختر کی "زیر لب” ہے جو پڑھتے ہوئے آپ اپنے آنسوؤں کو روک ہی نہیں سکتے۔ صفیہ اختر بھارت کے ایک اہم ادبی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ وہ مشہور بھارتی شاعر، فلمی گیت نگار، جان نثار اختر کی اہلیہ اور موجودہ دور کے فلمی کہانی نویس، شاعر (شعلے فیم) جاوید اختر کی والدہ تھیں، جب ان کے شوہر جانثار اختر بمبئی کی فلم نگری میں قسمت آزمائی کے لیے گئے تو بھوپال میں ان کے انتظار میں بیٹھی ہوئی صفیہ اختر ان کے بچوں کی نگہداشت کرتے ہوئے ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی بھی کرتی رہیں۔ زندگی کی سختیاں جھیلتے ہوئے، ان کے، جانثار اختر کے نام، ان خطوط میں کتنا غم پوشیدہ ہے، کتنا درد سمویا ہوا ہے؟ مگر حوصلہ نہ ہارنے والی ایک وفادار بیوی کا جو روشن چہرہ سامنے اتاہے، وہ یقیناً کتاب پڑھنے کے بعد ہی سمجھ میں آ سکتا ہے، اس صورتحال پر سجاد بابر کا یہ شعر کس قدر فٹ بیٹھتا ہے۔
*کرن بھی اترے تو آہٹ سنائی دیتی ہے*
*میں کیا کروں مجھے خوشبو دکھائی دیتی ہے*
سیاسی حوالوں سے جو تحریریں ہماری تاریخ کا حصہ ہیں ان میں ذوالفقار علی بھٹو کی کتاب "اگر مجھے قتل کیا گیا” بھی چھوٹے چھوٹے پرزوں کی صورت جیل کی کال کوٹھری کے اندر سے ہو کر باہر اتے رہے، کبھی کسی چھوٹے کاغذ پر، کبھی سگریٹ کی ڈبیا کی پنی پر اور کبھی ڈبیا کو چاک کر کے اس کے اندرونی سادہ سائیڈ پر، یہ تحریریں سمگل ہو ہو کر بالآخر کتابی صورت میں تاریخ کا حصہ بن گئیں۔ بھٹو کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا اسے ناز معظفرآبادی کے اس شعر کے آئینے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ
*مل گیا تھا منصفوں کو بے گناہی کا ثبوت*
*دار تک پہنچا کے مجھ کو اعتراف اس نے کیا*
جسٹس مولوی مشتاق احمد کے اعترافات کے بعد بالآخر پاکستان کی عدلیہ نے ماضی کے اس سانحے کو "عدالتی قتل” قرار دے کر انصاف کا بول بالا تو ضرور کیا، مگر مرزا غالب نے شاید ایسے ہی مواقع کے لیے کہا تھا
*کی مرے قتل کے بعد اس نے جفا سے توبہ*
*ہائے اس زود پشیماں کا پشیماں ہونا*
دنیا بھر کی تاریخ اس قسم کے واقعات سے بھری پڑی ہے۔ سقراط کو زہر کا پیالہ پینے پر مجبور کرنے والا فیصلہ ہو یا نیلسن مینڈیلا کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک، یہ سب تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہو چکا ہے۔ بعض حادثات اور سانحات ایسے بھی ہیں جن پر آج تک واضح جواب کے لئے دنیا منتظر ہونے کے باوجود ان کا نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔ ایسے ہی واقعات میں قصہ خوانی کے شہداء کی داستان بھی ہے جس کے لیے انگریز استعمار کی جانب سے معافی مانگ کر اپنے سیاہ کردار کا اعتراف بھی شامل ہے، مگر برطانوی استعمار سے اج تک اس کا سرکاری طور پر مطالبہ بھی سامنے نہیں آسکا، حالانکہ بھارت کے مطالبے پر جلیانوالا باغ کے قتل عام پر انگریزوں نے جنرل ڈائر کی سفاکی کے لیے معافی مانگ کر اپنی غلطی کا احساس کر لیا تھا۔
باتیں اور بھی بہت ہیں مگر انہیں چھیڑ کر ہم اپنے لیے کوئی مصیبت مول لینے کے موڈ میں نہیں ہیں، بس غلام محمد قاصر کے الفاظ میں یہی کہہ سکتے ہیں کہ